نیب ریفرنسز نوازشریف کو حاضری سے استثنیٰ مل گیا مریم کی درخواست مسترد

احتساب عدالت نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف دائر ریفرنسز پر سماعت منگل کو کرے گی


ویب ڈیسک December 04, 2017
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی تینوں ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔فوٹو: فائل

احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ایک ماہ کے لیے حاضری سے استثنیٰ دے دیا جب کہ مریم نواز کی درخواست مسترد کردی ہے۔

جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔ سماعت کے آغاز پر نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے عدالت سے کہا کہ ہائی کورٹ ریفرنس یکجا کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ آج سنائے گی۔ جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ ہائی کورٹ فیصلہ کس وقت سنائے گی جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ توقع ہے کہ دن 12 بجے تک فیصلہ سنادیا جائے گا جس پر جج محمد بشیر نے سماعت دن ایک بجے تک ملتوی کردی۔


یہ بھی پڑھیں: نوازشریف کی ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست مسترد


عدالت عالیہ کی جانب سے فیصلہ جاری ہونے کے بعد نواز شریف، مریم صفدر اور کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں دوبارہ پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران خواجہ حارث نے اپنے موکل نواز شریف کی 5 دسمبر سے 12 دسمبر تک کے لیے حاضری سے استثنیٰ کی استدعا کی جس پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا دیکھ لیں کہیں نواز شریف کا استثنیٰ زیادہ نہ ہوجائے تاہم عدالت نے نوازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

دوسری جانب عدالت نے مریم صفدر کی 5 دسمبر سے 5 جنوری تک حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ مریم نواز کو پہلے ہی ایک ماہ کے لیے حاضری سے استثنیٰ حاصل ہے۔ کیس کی مزید سماعت منگل کو ہوگی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: نواز شریف اور مریم کی استثنی کی درخواستوں پر نیب سے جواب طلب

واضح رہے کہ نیب نے 8 ستمبر کو نوازشریف اور ان کے بچوں کے خلاف لندن فلیٹس، آف شورکمپنیوں، العزیزیہ اسٹیل ملز اور ہل میٹل کمپنی سے متعلق 3 مقدمات درج کیے تھے۔ ان مقدمات میں نیب آرڈیننس کی سیکشن 9 اے لگائی گئی ہے جو غیر قانونی رقم اور تحائف کی ترسیل سے متعلق ہے۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملزمان کو14 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں