فری لانسنگ کے لیے بہترین پلیٹ فارمز

اس وقت سینکڑوں فری لانسنگ ویب سائٹس ہیں، بیشتر میں کام کا طریقہ تقریباً ایک سا ہے جن کے ذریعے اچھی کمائی کی جا سکتی ہے


محمد بلال مصطفیٰ December 04, 2017
ان پلیٹ فارمز کو فری لانسنگ ویب سائٹ یا مارکیٹ پلیس کہا جاتا ہے۔ فوٹو: انٹرنیٹ

اپنے گزشتہ بلاگ میں، میں نے ''فری لانسنگ'' کے فوائد کے بارے میں ناظرین کو آگاہ کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس بلاگ میں مستند پلیٹ فارمز کے متعلق بات کی جائے گی۔

پاکستان میں آن لائن کمائی کا جب بھی ذکر ہو تو عموماً لوگوں کے ذہن میں ڈیٹا اینٹری (Data Entry)، ایڈ پوسٹنگ (Ad Posting) یا لنک بلڈنگ (Link Building) وغیرہ کا خیال آتا ہے۔ شروع شروع میں یہ کام کافی تیزی سے پھیلا اور بہت سے لوگ اس سے مستفید بھی ہوئے تھے، لیکن گزشتہ چند سالوں میں اس کام میں بہت زیادہ فراڈ (دھوکہ دہی) دیکھنے کو ملا ہے۔

لوگوں کو کام کا لالچ دے کر چند ہزار روپے رجسٹریشن کے عوض وصول کیے جاتے اور ایک گمنام ویب سائٹ پر ان کا اکاؤنٹ بنا دیا جاتا۔ اس ویب سائٹ پر کتنا کام کیا اور کتنے پیسے کمائے کی تفصیل درج ہوتی جو کہ ذیادہ تر غلط بیانی پر مبنی ہوتی ہے۔ ساتھ ہی ایک حد مقرر کر دی جاتی کہ کم از کم اتنی رقم ہو تو ہی پیسے نکلوائے جا سکتے ہیں۔ اوّل تو بیشتر لوگ اس حد کو چھونے سے پہلے ہی دل برداشتہ ہو کر چھوڑ دیتے اور جو لوگ دل جمعی کے ساتھ لگے رہتے انہیں آخر میں کچھ حاصل نہ ہوتا۔

ایسا نہیں کہ اس کام میں کسی کو کمائی نہیں ہوئی، یقیناً ہوئی ہوگی، ورنہ یہ کام اتنا مشہور نہ ہوتا۔ لیکن 100 میں سے صرف 5 لوگوں کو ہی فائدہ ہوا ہو گا۔

یہاں ایک اور بات بھی ذہن نشین کر لیں کہ ایڈ پوسٹنگ/ لنک بلڈنگ وغیرہ ڈیٹا اینٹری اور SEO (سرچ انجن آپٹمائزیشن) کی شاخیں ہیں۔ اگر قارئین میں سے کوئی اس کام سے منسلک ہے تو میرا مشورہ ہے کہ اس کام کے باقاعدہ کورسز بھی کروائے جاتے ہیں۔ اگر آپ وہ کرلیں تو آپ کا ہنر مزید نکھر جائے گا اور کمائی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔

پلیٹ فارمز کی بات کی جائے تو فری لانسنگ متعدد طریقوں سے کی جا سکتی ہے۔ آپ براہِ راست کلائنٹ کو تلاش کر کے کام لے سکتے ہیں، لیکن اس میں کافی وقت لگ جاتا ہے؛ جبکہ دوسری طرف پکی پکائی دیگ بھی موجود ہے۔ جہاں آپ کو نہ تو کلائنٹ تلاش کرنے پڑیں گے اور نہ ہی کمائی کےلیے انتظار، مفت اکاؤنٹ بنائیں اور کام شروع کردیں۔ ان پلیٹ فارمز کو فری لانسنگ ویب سائٹ یا مارکیٹ پلیس (market place) کہا جاتا ہے۔

اس وقت سینکڑوں فری لانسنگ ویب سائٹس موجود ہیں اور بیشتر میں کام کرنے کا طریقہ کار تقریباً ایک جیسا ہے۔ اسی بات کو مدِنظر رکھتے ہوئے میں صرف پانچ بڑی ویب سائٹس کا ذکر کروں گا۔ بلاگ کے الفاظ کی حد کو مدنظر رکھتے ہوئے دو کا تفصیلی اور باقی تین کا بس URL لکھ رہا ہوں تاکہ اگر ناظرین ضرورت محسوس کریں تو اپنے طور پر مزید معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

 

1- Upwork


اس ویب سائٹ کا قیام 2015 میں دو مشہور ویب سائٹس oDesk اور Elance کے اشتراق کے بعد ہوا۔ یہ اس وقت دنیا میں سب سے بڑی ویب سائٹ ہے، کمائی کے اعتبار سے بھی اور کام کے لحاظ سے بھی۔ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں کلائنٹس (clients) اپنے کام کی تفصیل مہیا کرتے ہیں اور فری لانسرز ان پر اپنے پروپوزلز ارسال کرتے ہیں، جس کا پروپوزل کلائنٹ کو پسند آجائے اسے کام مل جاتا ہے۔

کام کرنے کی نوعیت دو طرح کی ہوتی ہے۔ یا تو پورے کام کی ایک مقررہ قیمت طے کر لیں یا گھنٹوں کے حساب سے پیسے چارج کریں۔ البتہ دونوں صورتوں میں کام کرنے کے پیسے بروقت ملیں گے۔ اگر کسی وجہ سے کلائنٹ پیسے نہیں دیتا تو Upwork اس معاملے میں آپ کو پورا تعاون فراہم کرے گا۔

 

2- Fiverr


اس وقت Fiverr دنیا کی دوسری بڑی ویب سائٹ بن چکی ہے. کام ڈھونڈھنے کے اعتبار سے Fiverr ،Upwork سے قدرے مختلف ہے۔ یہاں پر آپ اپنے کام کی ایک سروس بناتے ہیں جسے gig کہا جاتا ہے۔ Gig میں آپ اپنے کام کی نوعیت اور قیمت وغیرہ کی تفصیل بیان کرتے ہیں، ہر gig کی کم سے کم قیمت $5 ہوتی ہے، لیکن اس کا مطلب ہرگز نہیں کہ آپ اس سے ذیادہ نہیں کما سکتے۔ جتنا بڑا کام ہوگا اس کے پیسے بھی اسی مناسبت سے طے کر لیے جائیں گے۔ یہاں پیسے کے معاملات کی فکر کرنے کی بالکل ضرورت نہیں کیونکہ کام کے آغاز میں ہی Fiverr کلائنٹ سے سارے پیسے وصول کر لے گا اور کام ختم ہونے کے بعد آپ کے پیسے آپ کے اکاؤنٹ میں شامل ہو جائیں گے۔

ان دو ویب سائٹس کے علاوہ فری لانسنگ کےلیے بہترین ویب سائٹس Freelancer.com ،Peopleperhour.com اور Guru.com ہیں۔ ان تینوں ویب سائٹس پر بھی کام وافر مقدار میں موجود ہے۔

جیسا کہ پہلے عرض کیا کہ اس وقت سینکڑوں فری لانسنگ ویب سائٹس موجود ہیں۔ کسی بھی ویب سائٹ پر کام کرنے سے پہلے بس دو چیزیں مدِنظر رکھیں۔ ایک تو یہ کہ روزانہ کی بنیاد پر کتنی جابس پوسٹ ہوتی ہیں، اور دوسرا کیا کام کے پیسے ملتے ہیں یا نہیں۔ ساتھ ہی اس ویب سائٹ کی Terms of service بھی پڑھنی چاہیے۔ عمومی طور پر کام کرنے کا طریقہ کار تو ایک سا ہوتا ہے لیکن پھر بھی ہر ویب سائٹ کی اپنی پالیسی ہوتی ہے، اگر اس پر عمل نہ کیا جائے تو ویب سائٹ آپ کا اکاؤنٹ بند کرسکتی ہے۔

آخر میں ایک اور غلط فہمی دور کرنا چاہوں گا کہ فری لانسنگ صرف ڈویلپمنٹ (development)، ڈیزائنگ(designing) اور لکھنے (writing) کے کام تک محدود نہیں۔ یقیناً ان کاموں کی ڈیمانڈ اور قیمت زیادہ ہوتی ہے لیکن اس کے علاوہ بھی بہت سے آسان کام ہیں جنہیں کرکے اچھی کمائی کی جا سکتی ہے۔ ان کے بارے میں اگلے بلاگ میں تفصیلی ذکر کیا جائے گا۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
اگر آپ بھی ہمارے لئے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 500 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں