مسلم لیگ ن کا ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ

اداروں کو سوچنا چاہیے کہ ہمیں ملک کو آگے لے کر جاناہے، سیکریٹری اطلاعات مسلم لیگ (ن)


ویب ڈیسک December 04, 2017
نوازشریف آج بھی ملک کے سب سے بڑے لیڈر ہیں، سینیٹر مشاہد اللہ۔ فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مشاہد اللہ خان کا کہنا ہے کہ پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ نے ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے بات چیت کی گئی اور حکومت کی کارکردگی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا، پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کی تشکیل کے بعد یہ پہلا اجلاس تھا، کمیٹی نے پارٹی صدر نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی رابطہ مہم ضلعی سطح پر شروع کی جائے گی اور اس سلسلے میں کارکنوں کو آئندہ انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت کردی گئی ہے ۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہمیں الیکشن میں تاخیر کا کوئی خدشہ نہیں، پارٹی نے اگلے انتخابات کی تیاریاں بھی شروع کردی ہیں کیونکہ جمہوری عمل کے تسلسل کے لیے آئندہ الیکشن بروقت ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیشت اور جمہوریت کے دشمنوں کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا جب کہ ملک میں جاری دہشت گردی پر قابو پالیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : نوازشریف کی درخواست ہائیکورٹ سے بھی مسترد

سینیٹر مشاہداللہ کا کہنا تھا کہ اللہ جانے نواز شریف کو کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے، نوازشریف آج بھی ملک کے سب سے بڑے لیڈر ہیں، وہ ملک کی خاطر سب کچھ سہہ رہے ہیں، نواز شریف یا کوئی بھی اداروں سے محاذ آرائی نہیں کر رہا، ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں،اپنا دفاع محاذ آرائی نہیں۔ اداروں کو سوچنا چاہیے کہ ہمیں ملک کو آگے لے کر جاناہے، انہوں نے کہا کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر رضا حیات ہراج اور ظفر اللہ جمالی کے خلاف تادیبی کارروائی کا فیصلہ کیا ہے، دونوں کو شو کاز نوٹسز جاری کیے جائیں گے اور آئندہ بھی جو ڈسپلن کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : لگتا ہے عمران خان نااہلی کیس میں بھی مجھے نااہل کردیا جائےگا

سینیئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی نواز شریف سے ملاقات پر مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ جاوید ہاشمی سے ابھی پارٹی میں شمولیت پر بات نہیں ہوئی تاہم انہوں نے کھل کر باتیں کی ہیں اور اس ملاقات کا نتیجہ ضرور سامنے آئے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں