کرکٹ میچ کا وہ چھکا جو ایک داغ بن گیا

18 اپریل کا دن شاید ہی بھارتی کرکٹ کا کوئی مداح یاد رکھنا چاہے۔

اس چھکے نے میچ کو کرکٹ کی تاریخ کے ایک سنسنی خیز اور یادگار مقابلوں میں سے تبدیل کر دیا۔فوٹو : فائل

18 اپریل کا دن شاید ہی بھارتی کرکٹ کا کوئی مداح یاد رکھنا چاہے۔ لیکن ہر سال یہ دن آتا ہے اور گذشتہ اکتیس سال سے کسی تیر کی طرح انڈین کرکٹ شائقین کے سینے میں لگتا ہے۔

دراصل اسی دن شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستانی بلے باز جاوید میانداد نے شرما کے آخری اوور کی آخری گیند پر چھکا لگا کر پاکستان کو نہ صرف شاندار جیت دلائی بلکہ ایشیا کپ کا فاتح بھی بنا دیا تھا۔

یہی نہیں اس چھکے نے میچ کو کرکٹ کی تاریخ کے ایک سنسنی خیز اور یادگار مقابلوں میں سے تبدیل کر دیا۔میچ کی آخری گیند پر پاکستان کو چار رن کی ضرورت تھی۔ آخری کھلاڑی کریز پر تھے جس میں سے ایک جاوید میانداد تھے جو 110 رنز بنا کر کھیل رہے تھے۔ آخری گیند سے پہلے میانداد کے ذہن میں کیا تھا، اس بارے میں انھوں نے اپنی سوانح عمری 'کٹنگ ایج' میں تفصیل بتائی ہے:


''میں 113 گیندوں پر 110 رن بنا کر کھیل رہا تھا۔ گیند کو بہتر طریقے سے دیکھ پا رہا تھا۔ میں نے فیصلہ کر لیا تھا کہ گیند بلے پر آئی تو باؤنڈری کے پار ہوگی۔ میں نے فیلڈ کا معائنہ کیا۔ مجھے پتا تھا کہ کہاں کہاں فیلڈر ہیں۔ پھر بھی میں نے دوبارہ فیلڈ کو دیکھا اورایک ایک کو گنا۔لوگ کہتے ہیں کہ چیتن شرما نے یارکر پھینکنے کی کوشش کی۔ شاید گیند ان کے ہاتھ سے پھسل گئی۔ میں آگے بڑھ کر کھیل رہا تھا اور یہ گیند میرے لیے بہترین ثابت ہوئی۔ لیگ سٹمپ پر ایک اچھی اونچائی والی فل ٹاس تھی۔ میں نے بیٹ گھمایا اور ہم جیت گئے، پاکستان جیت گیا۔ یہ میری زندگی کی سب سے بہترین یاد ہے۔''

ایشیا کپ سے قبل پاکستان نے ون ڈے کا کوئی بڑا ٹورنامنٹ نہیں جیتا تھا ۔ اس چھکے کی بدولت ہی پاکستانی ٹیم انڈیا کے خلاف ہر مقابلے سے پہلے نفسیاتی برتری حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔نیزجاوید میانداد چھکے سے پاکستان کے ایک بڑے ہیرو بن گئے۔دوسری طرف چیتن شرما کے لیے یہ چھکا ایسا داغ بن گیا جو ان کے پورے کریئر پر بھاری پڑا۔

چیتن شرما بولر کے طور پر اپنے پہلے ٹیسٹ کے پہلے اوور میں وکٹ حاصل کر چکے تھے۔ ایڈیلیڈ میں ایک ٹیسٹ میچ میں دس وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی بولر تھے۔اتنا ہی نہیں ورلڈ کپ میں ہیٹ ٹرک لینے کا پہلا کرشمہ انہوں نے ہی 1987 ء میں دکھایا اور آل راؤنڈر کے طور پر انہوں نے بعد میں ون ڈے میں سنچری بھی بنائی۔لیکن لوگ انہیں اس چھکے کے لیے یاد کرتے ہیں۔ خود شرما کئی بار کہہ چکے کہ میانداد کا وہ چھکا آج بھی انھیں پریشان کردیتا ہے۔
Load Next Story