پنجاب یوتھ اسپورٹس فیسٹیول میں پاکستان نے 6 نئے عالمی ریکارڈز قائم کردیئے

کھلاڑیوں نے43بارہاکی پاس دیکرفیسٹیول کا پہلاریکارڈقائم کیا،محمدارشد نے ماتھے سے بوتل کے40ڈھکن اتارکرریکارڈاپنے نام کیا


ویب ڈیسک March 12, 2013
یوتھ فیسٹیول میں پاکستان نے سلمیٰ ستارے سے بنی ہوئی شہباز شریف کی 6 اعشاریہ 2 اسکوئر میٹر کی سب سے بڑی تصویر کا ریکارڈ بھی بنایا۔ فوٹو: فائل

پنجاب یوتھ اسپورٹس فیسٹول میں پاکستانیوں نے 6 نئے ریکارڈز گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کرادیئے۔

لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جاری فیسٹیول میں ایک منٹ میں ایک دوسرے کو سب سے زیادہ ہاکی پاس دینے کا پہلا ریکارڈ بنا، پاکستانی کھلاڑیوں نے 43 بار ایک دوسرے کی جانب بال پھینک کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ دوسرا ریکارڈ پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان محمد ثقلین کی نگرانی میں 11 نوجوانوں نے 3 منٹ میں 979 اعشاریہ 2 میٹر ہاکی ڈربلنگ کرکے قائم کیا۔

کراچی سے تعلق رکھنے والے محمد ارشد نے ماتھے سے بوتل کے 40 ڈھکن اتار کر جرمن شہری کے 24 ڈھکن کا ریکارڈ توڑ کر فیسٹیول کا تیسرا ریکارڈ اپنے نام کیا، محمد ارشد ایک منٹ میں کک کے ذریعے سر پر رکھے 50 ناریل کو ہٹ کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کرنے میں کامیاب رہے۔

یوتھ فیسٹیول میں پاکستان نے سلمیٰ ستارے سے بنی ہوئی شہباز شریف کی 6 اعشاریہ 2 اسکوئر میٹر کی سب سے بڑی تصویر کا ریکارڈ بھی بنایا۔ ایک منٹ میں سب سے زیادہ بیڈمنٹن پاسز کا ریکارڈ سابق نیشنل چیمپئن واجد علی اور محمد عتیق نے اپنے نام کیا، انہوں نے 123 بار ایک دوسرے کی جانب شٹل پھینکی۔

وقت کی کمی کے باعث 3 عالمی ریکارڈ ز کو ملتوی کردیا گیا تاہم گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نئے عالمی ریکارڈز درج کروانے کا یہ سلسلہ کل بھی جاری رہے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں