بیرونی کمپنیوں وسرمایہ کاروں کیلیے سیکیورٹی کلیئرنس شرط نرم

غیرملکی کمپنی یافردکووزارت داخلہ کی کلیئرنس سے مشروط سرٹیفکیٹ فوری دیا جائے گا

کلیئرنس استثنیٰ کیلیے دوست ممالک کی فہرست بھی تیار کی جائے گی، ایس ای سی پی فوٹو: فائل

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہش مند غیر ملکی کمپنیوں کی رجسٹریشن، سرمایہ کاروں اور مقامی کمپنیوں کے غیر ملکی ڈائریکٹرز کے لیے عائد سیکیورٹی کلیئرنس کی بنیادی شرط میں نرمی کر دی ہے۔

گزشتہ روز جاری اعلامیے کے مطابق نئی پالیسی کے تحت ایس ای سی پی سرمایہ کاری کرنے کی خواہش مند غیر ملکی کمپنیوں یا افراد کو بلا تاخیر رجسٹریشن سر ٹیفکیٹ جاری کر ے گا لیکن یہ رجسٹریشن وزارت داخلہ کی سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگئی، غیر ملکی کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کی سیکیورٹی کلئیرنس کی شرط میں نرمی ایس ای سی پی کی سفارش پر کی گئی ہے۔

پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل روکاوٹوں کے حل کے پیش نظر ایس ای سی پی نے سفارش کی تھی کہ غیر ملکی کمپنیوں کی مشروط رجسٹریشن اور مقامی کمپنیوں کے غیر ملکی ڈائریکٹرز کی مشروط تعیناتی کی اجازت دی جائے جسے وزارت داخلہ نے منظور کرلیا۔




ایس ای سی پی مقامی کمپنیوں کے غیر ملکی ڈائریکٹر کی تعیناتی کی منظوری بھی فوری دے گا لیکن غیر ملکی ڈائریکٹرز کو وزارت داخلہ کی سیکیورٹی کلیئرنس کے لیے ضروری دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی، رجسٹریشن کی دستاویزات کیساتھ ، غیر ملکی سرمایہ کار یا ڈائریکٹر کو اقرار نامہ بھی فراہم کرنا ہو گا کہ وزارت داخلہ سے سیکیورٹی کلئیرنس نہ ہونے کی صورت میں رجسٹرشن منسوخ کیے جانے پر اسے اعتراض نہ ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کے دوست ممالک سے سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ایس ای سی پی دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ایسے ممالک کی فہرست بھی تیار کرے گا جو سیکیورٹی کلیئرنس کی شرط سے مستثنیٰ ہوں گے، ایسے ممالک کے شہریوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے سیکیورٹی کلیئرنس کی ضرورت نہیں ہوگی۔
Load Next Story