گال ٹیسٹ ڈرا ہونے سے بنگال ٹائیگرز خوشی سے نہال

سنگاکارا میچ میں دو سنچریاں اسکور کرنے والے پانچویں سری لنکن کرکٹربن گئے۔


Sports Desk/AFP March 13, 2013
گال ٹیسٹ کے آخری روز سری لنکن بیٹسمین تلکارتنے دلشان کا کور ڈرائیو، دوسری تصویر میں کمار سنگاکارا شاٹ کھیلنے کے بعد گیند کی جانب دیکھ رہے ہیں ، دونوں نے سنچریاں بنائیں۔ فوٹو: اے ایف پی

SYDNEY: گال ٹیسٹ ڈرا ہونے سے بنگال ٹائیگرز خوشی سے نہال ہوگئے، پہلی مرتبہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ بچانے میں کامیاب ہوئے۔

فلیٹ وکٹ پر سب سے زیادہ سنچریوں کا عالمی ریکارڈ بھی برابر ہوگیا، آئی لینڈرز نے پہلی مرتبہ ایک میچ میں پانچ تھری فیگر اننگز سجانے کا اعزاز حاصل کیا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان گال ٹیسٹ حسب توقع ڈرا ہوگیا، فلیٹ وکٹ پر کھیلے جانے والے اس میچ میں آخر تک رنز کی برسات اور ریکارڈز کے ٹوٹنے کا سلسلہ جاری رہا۔

میزبان نے پانچویں روز کھیل کا آغاز 116 رنز ایک وکٹ سے کیا اور اس میں مزید 219 رنز جوڑکرچائے کے وقفے پر دوسری اننگز 335 رنز 5 وکٹ پر ڈیکلیئرڈ کردی، سنگاکارا نے آف اسپنر محمود اللہ کی گیند پر سنگل سے32 ویں سنچری مکمل کی، یہ کسی بھی سری لنکن کھلاڑی کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں ہیں، انھوں نے پہلی مرتبہ ایک میچ میں دو سنچریاں اسکور کیں، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے سری لنکا کے پانچویں کرکٹر ہیں، دلشان نے اس دوران 16 ویں سنچری بنائی۔

5

دونوں کے درمیان دوسری وکٹ کیلیے 213 رنز کی شراکت ہوئی، انھیں لنچ کے بعد 19 رنز کے دوران محمود اللہ نے قابو کیا، سنگاکارا 105 رنز بناکر جوہر الاسلام کا کیچ بنے جبکہ دلشان 126 رنز پر ابو الحسن کے ہاتھوں جکڑے گئے، وتھانگے بھی 59 رنز بناکر محمود اللہ کا شکار ثابت ہوئے۔

بنگلہ دیش کو آخری سیشن میں فتح کیلیے 268 رنز کا ہدف ملا تاہم اس نے ایک وکٹ پر 70 رنز اسکور کیے تھے کہ میچ کو ڈرا قرار دیدیا گیا۔ مقابلے میں مجموعی طور پر 8 سنچریاں بنیں، اس سے قبل اتنی تھری فیگر اننگز ویسٹ انڈیز اورجنوبی افریقہ کے درمیان 2005 میں اینٹیگا میں کھیلے گئے میچ میں بنی تھیں۔ بنگلہ دیش نے پہلی مرتبہ سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ ڈرا کیا انکے نزدیک یہ کارنامہ بھی فتح سے کم نہیں تھا، ڈبل سنچری بنانے والے مشفیق الرحیم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں