نارتھ کراچی نوجوان کے قتل میں ملوث نامزد ملزم گرفتار نہ ہوسکے

پڑوسی ملزم پولیس اہلکار فاروق اور اسکے2 بھائی اہلخانہ کے ہمراہ سوات فرار ہو گئے تھے.


Staff Reporter March 13, 2013
مقتول ملک سعید اعوان ۔ فوٹو : فائل

نارتھ کراچی شاہنواز بھٹو کالونی میں ایک ماہ قبل قتل کیے جانے والے نوجوان کے مقدمے میں نامزد اس کے پڑوسی ملزم پولیس اہلکار اور اس کے2 بھائیوں کو پولیس تا حال گرفتار نہیں کر سکی۔

ملزمان واردات کے بعد اپنے اہلخانہ کے ہمراہ آبائی گاؤں سوات فرار ہو گئے تھے جس کے بعد وہاں کے ایس ایس پی کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے لیٹر لکھ دیا تھا، یہ بات خواجہ اجمیر نگری تھانے کے انویسٹی گیشن افسر نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی ، خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود نارتھ کراچی شاہنواز بھٹو کالونی مکان نمبرF/165 کے قریب2 فروری کو فائرنگ سے ہلاک ہونے والے28سالہ ملک سعید اعوان ولد حاجی شیر خان کے قتل کی ایف آئی آر نمبر36/13میں نامزد ملزم پولیس ہیڈ کانسٹیبل محمد فاروق ولد نعمت خان اور اس کے2بھائی محمد جاوید اور محمد جہانزیب کو پولیس تاحال گرفتار نہیں کر سکی۔

خواجہ اجمیر نگری تھانے کے انویسٹی گیشن انچارج انسپکٹر محمود نے ایکسپریس کو بتایا کہ واردات میں ملوث ملزم پولیس اہلکار محمد فاروق نیو کراچی انڈسٹریل ایریا تھانے میں تعینات تھا جو واردات کے بعد اپنے دونوں بھائیوں اور دیگر اہلخانہ کے ہمراہ گھر بند کر کے اپنے آبائی گاؤں سوات فرار ہو گیا،مقتول ملک سعید اعوان کے رشتے داروں اور علاقہ مکینوں نے ملزمان کے گھروں میں لوٹ مار کے بعد آگ لگا دی تھی، انھوں نے بتایا کہ ملزمان کو مفرور قرار دیکر فائنل چالان عدالت میں جمع کرا دیا اور عدالت میں ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی درخواست دیدی ہے۔



انھوں نے بتایا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سوات کے ایس ایس پی کو لیٹر لکھ دیا گیا ہے ، ملزمان کی گرفتاری عمل میں آنے کی اطلاع ملتے ہی پولیس پارٹی روانہ کر دی جائے گی، انھوں نے بتایا کہ مقتول ملک سعید اعوان کا بہنوئی سرفراز محکمہ پولیس میں اے ایس آئی ہے اور بلدیہ ٹاؤن میں تعینات ہے، واضح رہے2فروری ہفتے کو ملک سعید اعوان کا کسی بات پر اپنے پڑوسیوں سے جھگڑا ہو گیا تھا۔

جس کے بعد علاقے ایک شخص رب نواز دیگر محلے والوں کے ساتھ اس کے گھر آیا اور اپنے ساتھ دونوں پڑوسیوں میں صلح کرانے کے لیے اپنے ساتھ لے گیا ، دونوں کے درمیان بات ہو رہی تھی کہ تلخ کلامی ہو گئی جس پر ہیڈ کانسٹیبل محمد فاروق نے پستول نکال کر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ملک سعید اعوان ہلاک اور رب نواز زخمی ہو گیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں