نگراں وزیراعظم اتحادیوں نے پیپلزپارٹی کو مینڈیٹ دے دیا

مسلم لیگ (ن) سے پیپلز پارٹی کے بیک ڈور رابطے جاری ہیں اور ان رابطوں میں اتفاق کرلیا گیا ہے, ذرائع

مسلم لیگ (ن) سے پیپلز پارٹی کے بیک ڈور رابطے جاری ہیں اور ان رابطوں میں اتفاق کرلیا گیا ہے, ذرائع فوٹو: فائل

حکمراں اتحاد میں شامل جماعتوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو مینڈیٹ دے دیا ہے کہ وہ نگراں وزیر اعظم کے لیے جن2 امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرے گی۔

ہم ان کی حمایت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق نگراں وزیر اعظم کے لیے پیپلز پارٹی کی حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں مسلم لیگ (ق)، عوامی نیشنل پارٹی اور فاٹا کے پارلیمانی گروپ سے مشاورت مکمل ہوگئی ہے۔


پیپلز پارٹی کی جانب سے سید خورشید شاہ، فاروق ایچ نائیک اور دیگر رہنمائوں نے اتحادی جماعتوں کے نمائندوں سے تفصیلی مشاورت کی۔ وزیر اعظم راجا پرویز اشرف سے اسلام آباد میں مسلم لیگ (ق) کے رہنمائوں چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہیٰ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں نگراں سیٹ اپ پر تفصیلی مشاورت ہوئی اور نگراں سیٹ اپ خصوصاً اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نگراں وزیر اعظم کے لیے پیش کیے گئے 3 ناموں پر تفصیلی غور کیا گیا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکمران اتحاد نے نگراں وزیر اعظم کے لیے 2حکومتی ناموں کے اعلان کا اختیار پیپلز پارٹی کی قیادت کو دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان ناموں کا اعلان جلد سے جلد کیا جائے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے درمیان بدھ کو نگراں وزیر اعظم کے حوالے سے تفصیلی مشاورت ہوگی۔ پیپلز پارٹی 13یا 14 مارچ کو نگراں وزیر اعظم کے ناموں کا اعلان کرے گی ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) سے پیپلز پارٹی کے بیک ڈور رابطے جاری ہیں اور ان رابطوں میں اتفاق کرلیا گیا ہے کہ ملک میں قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیاں16 مارچ کو تحلیل کردی جائیں گی۔ نگراں وزیر اعظم کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان حتمی مشاورت15 مارچ تک مکمل ہوجائے گی اور نگراں وزیر اعظم کے نام کا اعلان متفقہ طور پر کیا جائے گا۔

Recommended Stories

Load Next Story