سانحہ ماڈل ٹاؤن پرانصاف کیلئے طاہرالقادری کا ساتھ دیں گے عمران خان

آمر کی گود میں پلنے والے میرے خلاف مقدمات درج کرارہے ہیں، چیئرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک December 07, 2017
میں مجرموں اور قوم کے دشمنوں سے ہاتھ نہیں ملاتا، عمران خان: فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ طاہر القادری کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں کہ اگر سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف کے لئے سڑکوں پر نکلے تو ہم ان کا ساتھ دیں گے۔

اسلام آباد میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ سب کو ماڈل ٹاون رپورٹ دیکھنی چاہیے، شہباز شریف اوررانا ثناء اللہ فوری استعفے دیں، رانا ثناء اللہ نے گولیاں چلانے کا حکم جاری کیا اورشہبازشریف کا جھوٹ پکڑا گیا، مقدمہ شہباز شریف اورعابد شیرعلی پرچلنا چاہیے، طاہرالقادری کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتا ہوں، طاہرالقادری اگرسانحہ ماڈل ٹاؤن پرانصاف کیلئے سڑکوں پر نکلے تو ہم ان کا ساتھ دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ہم نے صاف اورشفاف الیکشن کے لئے پرامن احتجاج کیا پھربھی ہم پرالزامات لگائے گئے، آمرکی گود میں پلنے والے میرے خلاف مقدمات درج کررہے ہیں۔ عمران خان نے نوازشریف سے ہاتھ ملانے کے سوال پر جواب دیا کہ میں مجرموں اور قوم کے دشمنوں سے ہاتھ نہیں ملاتا۔

مقبوضہ بیت المقدس کے حوالے سے امریکی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کردی گئی ہے، ٹرمپ جیسے لوگ مسلمانوں کو انسان ہی نہیں سمجھتے اور اس متعلق ہمارے کٹھ پتلی وزیراعظم کو طیب اردگان جیسا موقف اختیار کرنا چاہیے۔

اس سے قبل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے جہاں ان کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 11 دسمبر تک توسیع دے دی گئی جب کہ مقدمہ سیشن عدالت بھجوانے کی استدعا پر نوٹس جاری کردیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔