ٹھٹھہ کے قریب سمندرمیں دوکشتیاں الٹنے سے 18 افراد جاں بحق

سمندر میں الٹنے والی 2 کشتیوں میں خواتین اوربچوں سمیت 180 سے زائد افراد سوار تھے، پولیس


ویب ڈیسک December 07, 2017
لاشوں کو شیخ زید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس۔ فوٹو : فائل

SHABQADAR: موھارا کے قریب سمندر میں دو کشتیاں الٹنے سے ایک بچے سمیت 18 افراد جاں بحق جب کہ متعدد لاپتہ ہوگئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹھٹھہ کے علاقے میرپور ساکرو کے ساحلی گاؤں موھارا کے قریب سمندر میں زائرین کی دو کشتیاں آپس میں ٹکرانے کے بعد الٹ گئیں۔ حادثے کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق جب کہ متعدد لاپتہ ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ڈوبنے والی کشتیوں میں خواتین اور بچوں سمیت 180 سے زائد زائرین سوار تھے جو روحانی بزرگ پیر پٹھورو کے مزار پر حاضری اور علاقائی میلے مینھ بھٹائی میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔ ڈوبنے والوں میں سے اب تک 18 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ دیگر لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔ لاشوں کو میر پور ساکرو کے شیخ زید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ٹھٹھہ کے ساحلی علاقے بوھارا کے قریب 2 کشتیاں آپس میں ٹکرانے کے باعث حادثہ پیش آیا، دونوں کشتیوں میں 180 افراد سوار تھے جن میں سے 47 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جب کہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔

دوسری جانب ترجمان پاک بحریہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاک بحریہ کی امدادی ٹیمیں کارروائی میں حصہ لینے کےلئے ٹھٹھہ پہنچ گئی ہیں، امدادی ٹیموں میں پاک بحریہ کے غوطہ خور، ریسکیو، میڈیکل اسٹاف سمیت چھوٹی امدادی کشتیاں بھی بھیجی گئی ہیں جو متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کریں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں