پرجوش پاکستان آسٹریلوی ہوش اڑانے کیلئے تیار

دباؤکا سامنا نہیں،محنت جاری رکھتے ہوئے مثبت نتیجے کی کوشش کرینگے،سہیل عباس


Sports Desk August 07, 2012
ورلڈ چیمپئن ہاکی ٹیم کیخلاف آج کا مقابلہ کوارٹرفائنل بن گیاہرحال میں فتح درکار، دبائوکا سامنا نہیں،محنت جاری رکھتے ہوئے مثبت نتیجے کی کوشش کرینگے،سہیل عباس (فوٹو ایکسپریس)

UNITED NATIONS: لندن اولمپکس کے ہاکی ٹورنامنٹ میںگرین شرٹس اپنا اہم ترین میچ منگل کو ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کیخلاف کھیلیں گے،پُرجوش پاکستانی شاہین حریف پلیئرز کے ہوش اڑانے کیلیے تیار نظر آتے ہیں،ٹیم کے لیے یہ مقابلہ کوارٹر فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا، فتح کی صورت میں سیمی فائنل میں نشست پکی ہو جائے گی، شکست یا ڈرا پر میڈل کا خواب ذہن سے نکالنا ہو گا، کپتان سہیل عباس کینگروز کو زیر کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ میچ سے قبل کسی قسم کے دباؤ کا سامنا نہیں،محنت کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مثبت نتیجے کی کوشش کریں گے، دوسری جانب ہالینڈ نے جرمنی کو3-1 سے شکست دے کر گروپ ' بی ' سے فائنل فور میں شمولیت اختیار کر لی، جرمن سائیڈکو اسے جوائن کرنے کیلیے منگل کو نیوزی لینڈکیخلاف میچ میں ایک پوائنٹ درکار ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق توقعات کے برخلاف لندن گیمز میں پاکستانی ہاکی ٹیم نے اب تک بہتر کھیل پیش کیا ہے۔

اگر برطانیہ کے ہاتھوں بدترین ناکامی کا سامنا نہ کرنا پڑتا تو سیمی فائنل میں رسائی کا سفر اتنا دشوار نہ بنتا،اب اس مقصد کو حاصل کرنے کیلیے گرین شرٹس کو منگل کے روز آسٹریلیاکوہرانا ہوگا،اسپین سے ڈرا میچ کے بعد ارجنٹائن و جنوبی افریقہ کو مات دینی والی پاکستانی ٹیم کے حوصلے خاصے بلند ہیں، پلیئرز کوارٹر فائنل کا رخ اختیار کر جانے والے کینگروز سے میچ میں بھی مثبت نتائج کیلیے جان لڑانے کا عزم رکھتے ہیں،انھیں بخوبی علم ہے کہ سیمی فائنل کھیلنے کا مقصد پانے کیلیے صرف جیت ہی درکار ہو گی۔

جیت یا ڈرا کی صورت میں وکٹری اسٹینڈ تک پہنچنے کا خواب ذہن سے نکالنا پڑے گا، اہم میچ سے قبل کپتان سہیل عباس کے حوصلے بھی بیحد بلند ہیں،ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ ٹیم کے پاکستان سے لندن آتے ہوئے میگا ایونٹ میں اتنا اچھا پرفارم کرنے کی امید نہیں تھی تاہم اب تک کا کھیل حوصلہ افزا رہا ہے، ہم نے سخت محنت کو شعار بنایا اور اگلے میچز میں بھی ایسا ہی کریں گے۔

اس موقع پر عوام کی دعائوں کی بھی اشد ضرورت ہے، انھوں نے کہا کہ اگرچہ آسٹریلیا کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے لیکن ہم کسی دبائو کا شکار نہیں ہیں بلکہ ہم سے زیادہ بہتر ٹیم ہونے کی وجہ سے کینگروز پر ہی پریشر ہو گا، ہماری کوشش ہوگی کہ بہت اچھا کھیل پیش کریں جہاں تک نتائج یا سیمی فائنل میں رسائی کا معاملہ ہے تو یہ بات اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

ہم صرف محنت اور باہمی یکجہتی کے ساتھ کھیل سکتے ہیں اور ایسا ہی کریں گے۔ ایک سوال پر کپتان نے کہا کہ ہمارے آسٹریلیا سے مقابلے ہمیشہ اچھے رہے ہیں، منگل کا میچ ماضی سے بالکل مختلف ہوگا البتہ حریف سائیڈ اپنے خلاف آخری میچ میں ہماری فتح کے سبب دبائو میں ضرور ہوگی،انھوں نے میچ کا وقت بھی تبدیل کرایا ہے اس میں یقیناً کوئی نہ کوئی حکمت عملی تو ہو گی۔

دفاعی لائن کی کمزوری سے متعلق سوال پر سہیل عباس نے کہا کہ ہاکی دنیا کا تیز ترین کھیل ہے،ٹیم کا دفاع فارورڈ سے شروع ہوتا ہے، جدید ہاکی میں دفاع اور اٹیک کو باہم مربوط ہوکر کھیلنا ہوتا ہے، پوری ٹیم آسٹریلیا کے خلاف مضبوط دفاع اور طاقتور اٹیک کی کوشش کرے گی۔دریں اثنا اتوار کی شب ہالینڈ نے جرمنی کو3-1 سے مات دے کر گروپ ' بی ' سے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

جرمن سائیڈکو فائنل فور میں پہنچنے کیلیے منگل کو نیوزی لینڈ کیخلاف ایک پوائنٹ درکار ہوگا۔گروپ ' اے ' میں برطانیہ اور آسٹریلیا کا مقابلہ 3-3 سے برابر ہوگیا، اسپین نے ارجنٹائن کو3-1 سے ہراکر پوائنٹس کی تعداد 7 کرلی، بیجنگ اولمپکس کی سلورمیڈلسٹ سائیڈ اب منگل کو آخری لیگ میچ میں برطانیہ کا سامنا کرے گی۔ دیگر میچز میں کوریا و نیدرلینڈز، ارجنٹائن و جنوبی افریقہ، بھارت و بیلجیئم آمنے سامنے ہوں گے۔

نوٹ: میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2.45 پر شروع ہو گا

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں