پاکستان نے کلبھوشن سے والدہ اور بیوی کو ملاقات کی اجازت دے دی

بھارتی جاسوس سے والدہ اور اہلیہ کی ملاقات 25 دسمبر کو ہوسکتی ہے، ترجمان دفترخارجہ


ویب ڈیسک December 08, 2017
ملاقات میں بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار کو بھی موجود ہونے کی اجازت ہوگی، ترجمان دفترخارجہ فوٹو : فائل

پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو سے اُس کی والدہ اور بیوی کو ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔

اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو سے اِس کی بیوی کو ملنے کی اجازت دی تھی تاہم بھارت نے پاکستان سے درخواست کی کہ کلبھوشن کی اہلیہ سے پہلے اس کی والدہ کو ملنے کی اجازت دی جائے، پاکستان نے بھارتی درخواست کو منظور کرلیا ہے اور کلبھوشن یادو سے والدہ اور بیوی دونوں کو ملنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ فیصلے کے حوالے سے بھارت کو آگاہ کردیا گیا ہے اور بھارتی جاسوس سے اہل خانہ کی ملاقات 25 دسمبر کو ہوسکتی ہے جب کہ ملاقات میں بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو بھی موجود ہونے کی اجازت ہوگی اور سب کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہندوستان پاکستان سے لڑ کر کشمیر حاصل نہیں کر سکتا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارت کا کلبھوشن کی بیوی سے پہلے والدہ کی ملاقات کرانے کا مطالبہ

امریکی وزیردفاع جیمز میٹس کے دورہ پاکستان سے قبل امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ایک اہم دورے سے قبل امریکی حکام کا بیان غیرضروری اور حقائق کے منافی ہے پاکستان سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ ہوچکا ہے اب اس طرح کے الزامات دو طرفہ تعلقات کو متاثر کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے اسرائیلی دارالحکومت کی بیت المقدس منتقلی پر پاکستان کو تشویش ہے ایسا اقدام خطے کے امن کے لئے شدید خطرات کا باعث بن سکتا ہے اور یہ عالمی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔