پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پردوبارہ اقتدار میں آئے گی وزیراعظم

دہشت گردوں کو اپنا ایجنڈا ٹھونسنے کی اجازت نہیں دیں گے، کراچی اور لاہور کے واقعات قابل افسوس ہیں، وزیراعظم

آج تاریخی دن ہے،حکومت اپنی مدت پوری کرنے جا رہی ہے، آئندہ انتخابات کو شفاف بنایا جائے گا، وزیراعظم۔ فوٹو : ثنا

وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے کابینہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پردوبارہ اقتدار میں آئے گی، سانحہ بادامی باغ واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا الوداعی اجلاس جاری ہے، اس موقع پر وزیراعظم نے کابینہ کی پانچ سالہ کارکردگی، اتحادی جماعتوں اور دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج کی کارکردگی کو خراج تحسین بھی پیش کیا، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم راجا پرویز اشرف نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے حکومت اپنی مدت پوری کرنے جا رہی ہے، آئندہ انتخابات کو شفاف بنایا جائے گا۔


وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت دہشت گردی کے خلاف مسلسل جنگ کر رہی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو اپنا ایجنڈا ٹھونسنے کی اجازت نہیں دیں گے، کراچی اور لاہور کے واقعات قابل افسوس ہیں، مسیحی ہمارے شہری ہیں ان کو تحفظ فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ان کا کہنا تھا کہ سانحہ بادامی باغ کے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے، منتخب نمائندے ہی عوام کی خدمت کرسکتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں توانائی کا بحران ورثے میں ملا اس کو حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں ہمیں امید ہے کہ ہماری اصلاحات کی پالیسی اور کارکردگی ہمیں دوبارہ منتخب کرنے کا موقع دے گی۔

Recommended Stories

Load Next Story