سندھ اسمبلی نے سندھ مالیات ترمیمی بل 2013 کی متفقہ طور پر منظوری دیدی

عارف مصطفی جتوئی کی جانب سے اویس مظفرٹپی کے بارے میں ریمارکس دینے پر ایوان کا ماحول گرم ہوگیا۔

یکم اپریل سے الیکٹریسٹی ڈیوٹی سندھ حکومت کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائےگی، سید مراد علی شاہ۔ فوٹو: فائل

سندھ اسمبلی نے سندھ مالیات ترمیمی بل 2013 اور سندھ کول بل کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔

اسپیکر نثار احمد کھوڑو کی سربراہی میں سندھ اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی نے اصغر خان کیس کے فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے پر اسپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاج کیا اور اجلاس کا واک آؤٹ کیا، وقفہ سوالات کے دوران اپوزیشن لیڈر سید سردار احمد نے کہا کہ حیدرآباد یونیورسٹی کے حوالے سے پیر مظہرالحق کا بیان تکلیف دہ ہے، اب تک جامعات کے قیام کے لئے جتنے بل لائے گئے ہیں ان میں جگہ کا تعین نہیں کیا گیا، حیدرآباد یونیورسٹی گلستان سرمست سوسائٹی میں بنانے کے لئے جگہ کا تعین ہوچکا ہے، اسپیکر نے کہا کہ وزیر تعلیم پیر مظہرالحق ایوان میں نہیں، وہ جب آئیں تو اس معاملے پر بات ہوگی۔


نیشنل پیپلز پارٹی کے رکن عارف مصطفی جتوئی نےسمندر میں جزیرے پر شہر بنانے کے خلاف تحریک التوا پیش کرنے کی اجازت مانگتے ہوئے کہا کہ پورٹ قاسم اتھارٹی، ملک ریاض اور غیرملکی کمپنی کے درمیان سمندر میں سندھ کے جزیرے پر شہر بنانے کا معاہدہ غیرقانونی ہے۔ سید سردار احمد نے کہا کہ یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے،حکومت کی زمین پر قبضے کی بات ہے، بھنڈارجزیرہ حکومت سندھ کی ملکیت ہے اس کی ملکیت کسی کو نہیں دی جاسکتی۔

وزیر قانون ایاز سومرو نے کہا کہ سندھ کی زمین صوبائی حکومت اور عوام کی ہے، حکومت سندھ سے ایسی کوئی بات یا معاہدہ نہیں ہوا، عارف مصطفی جتوئی کی جانب سے اویس مظفرٹپی کے بارے میں ریمارکس دینے پر ایوان کا ماحول گرم ہوگیا، اسپیکر نےسمندر میں جزیرے پر شہر بنانے کے خلاف عارف مصطفی جتوئی کی تحریک التوا مسترد کردی جس پر محرک عارف مصطفٰی جتوئی اور وزیر ثقافت سسی پلیجو نے واک آؤٹ کیا۔

اجلاس کے دوران سندھ اسمبلی نےسندھ مالیات ترمیمی بل2013کی متفقہ طورپرمنظوری دے دی، بل کی منظوری کے بعد سید مراد علی شاہ نے کہا کہ طویل عرصےسے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے یہ ڈیوٹی حاصل نہیں کرسکے۔ اس بل کے ذریعے کےای ایس سی کےبل پر الیکٹریسٹی ڈیوٹی سندھ حکومت کو ملے گی، یکم اپریل سے الیکٹریسٹی ڈیوٹی سندھ حکومت کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی جائےگی، الیکٹریسٹی ڈیوٹی کی مدمیں جمع ہونےوالی رقم کی مالیت 5ارب سےزائدہے۔
Load Next Story