قائد اعظم ٹرافی کرکٹ سپر ایٹ کے دوسرے مرحلے میں آج میدان سجے گا

لاہور بلوز اور حبیب بینک کا مقابلہ ہوگا، یو بی ایل کے سعد علی830 رنز بنا کر سرفہرست، سہیل کی51 وکٹیں


Sports Reporter December 09, 2017
سوئی ناردرن اور لاہور وائٹس آمنے سامنے ہوں گے۔ فوٹو: فائل

قائد اعظم ٹرافی سپر ایٹ کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج سے ہوگا جب کہ مقابلے حیدر آباد اور کراچی کے اسٹیڈیمز میں شیڈول ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام ملکی ڈومیسٹک کرکٹ کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کے سپر ایٹ مرحلے کا آغاز ہفتے سے کراچی اور حیدر آباد کے مختلف اسٹیڈیمز سے ہوگا۔

گروپ ون میں شامل سوئی نادرن گیس اور لاہور وائٹس کی ٹیمیں نیاز اسٹیڈیم حیدر آباد میں آمنے سامنے ہوں گی۔ آل حیدر اور طاہر رشید امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے جبکہ اقبال شیخ ریفری اور عارف عبدالمجید اسکورر ہوں گے۔ لاہور بلوز اور حبیب بینک کے مابین میچ اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں شروع ہوگا۔ خالد محمود سینئر اور امیتاز اقبال امپائرز، افتخار احمد ریفری اور جنید افضل اسکورر ہوں گے۔

گروپ ٹو میں کے آر ایل اور سوئی سدرن گیس کی ٹیمیں یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں مدمقابل ہوں گی، شوزب رضا اور طارق رشید امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے جبکہ عزیز الرحمن ریفری اور وسیم عباس کو سکورنگ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ یو بی ایل اور واپڈا کے مابین میچ این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں شیڈول ہے، غفار کاظمی اور راشد ریاض امپائرز، محمد جاوید ریفری اور عبید احمد اسکورر ہوں گے۔

ادھر یو بی ایل کے سعد علی830 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں، اسلام آباد کے عابد علی 541 رنز کے ساتھ دوسرے اور واپڈا کے محمد سعد526 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔ یو بی ایل ہی کے فاسٹ بولر سہیل خان 51 وکٹوں سے کے ساتھ بدستور پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں، لاہور بلوز کے اعزاز چیمہ 47 وکٹوں کے ساتھ دوسرے اور کے آر ایل کے صدف حسین42 وکٹوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہیں۔ یو بی ایل کے وکٹ کیپر گلریز صدف کو سب سے زیادہ 31 کیچز پکڑنے کا اعزاز حاصل ہے، راولپنڈی کے عمیر مسعود 30کیچز کے ساتھ دوسرے اور ایچ بی ایل کے جمال انور 28 کیچز کے ساتھ تیسرے نمبر پرہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں