شہبازشریف کا اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کابغیرپروٹوکول دورہ

وزیراعلیٰ نے سول، مکینیکل اور الیکٹریکل کاموں میں پیش رفت کا جائزہ لیا


ویب ڈیسک December 09, 2017
منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے پوری جان لگادیں، وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو: فائل

وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے علی الصبح لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کا بغیر پروٹوکول دورہ کیا۔ انہوں نے سول، مکینیکل اور الیکٹریکل کاموں میں پیش رفت کا جائزہ لیا اور منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ بھی کیا۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے اورنج ٹرین منصوبے کی اجازت دے دی

اس موقع پر شہباز شریف نے منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مفاد عامہ کے اس عظیم الشان منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے پوری جان لگادیں، یہ منصوبہ عام آدمی کو باوقار اور عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے منصوبے میں تاخیر کے حوالے سے کہا کہ تاخیر کا ازالہ محنت، عزم اور جذبے کے ساتھ کریں گے۔ شہبازشریف نے میٹروٹرین منصوبے کے دوران مختلف اسٹیشنز اور جین مندر کے قریب انڈر گراؤنڈ اسٹیشن کا بھی معائنہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے اورنج لائن میٹروٹرین کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب حکومت کو منصوبے پر کام جاری رکھنے کی اجازت دی تھی۔1.47 ارب ڈالر مالیت کا یہ منصوبہ سی پیک کا حصہ ہے اور اس سے متعدد تاریخی مقامات کو خطرات لاحق ہیں تاہم سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں پنجاب حکومت کو تاریخی عمارتوں کا تحفظ یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں