2017 میں بھی بالی ووڈ پر تینوں خانز کا راج

گزشتہ کئی دہائیوں سے بالی ووڈ پر راج کرتے آرہے تینوں خانز اس سال بھی بھارتی فلم انڈسٹری پر چھائے رہے


ویب ڈیسک December 09, 2017
کئی دہائیوں سے بالی ووڈ پرراج کرتے آرہے تینوں خانز اس سال بھی فلم انڈسٹری پر چھائے رہے؛فوٹوفائل

NEW DELHI: بھارتی فلم انڈسٹری کی شان سمجھے جانے والے بالی ووڈ کے تینوں خانز شاہ رخ، سلمان اور عامر خان 2017 میں بھی فلم انڈسٹری پر قابض رہے۔

انٹرنیٹ مووی ڈیٹا بیس(آئی ایم ڈی بی)ایک آن لائن ڈیٹا بیس سسٹم ہے جس میں فلموں، ٹیلی ویژن پروگرامزاور ویڈیو گیمز سے متعلق معلومات درج ہوتی ہیں۔ آئی ایم ڈی بی نے 2017 کے ہندی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے ٹاپ 10 اسٹارز کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق گزشتہ کئی دہائیوں سے بالی ووڈ پر راج کرتے آرہے تینوں خانز شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان اس سال بھی بھارتی فلم انڈسٹری پر چھائے رہے۔



شاہ رخ خان:



آئی ایم ڈی بی کی فہرست کے مطابق شاہ رخ خان دو فلموں کے ساتھ رواں سال بالی ووڈ پر چھائے رہے۔ شاہ رخ خان کی رواں سال 2 فلمیں 'رئیس'اور 'جب ہیری میٹ سیجل'ریلیز ہوئیں۔ رئیس تو باکس آفس پر بھر بھی کامیاب ہوئی لیکن جب ہیری میٹ سیجل شائقین کو متاثر کرنے میں ناکام رہی۔ لیکن اس ناکامی سے شاہ رخ خان کی مقبولیت پر کوئی اثر نہیں پڑا اور رواں سال بھی بالی ووڈ کے کنگ کا تاج ان ہی کے پاس رہا۔ جب کہ شاہ رخ خان کے روایتی حریف عامر خان اور سلمان خان بھی بھارتی فلم انڈسٹری پر راج کرتے نظر آئے۔

عامر خان:



اس لسٹ میں دوسرے نمبر مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان ہیں۔ عامر خان رواں سال فلم 'سیکریٹ سپر اسٹار'میں نظر آئے تاہم 2016 میں ریلیز ہوئی فلم'دنگل'کی کامیابی کے باعث وہ رواں سال بھی خبروں میں رہے۔

سلمان خان:



بالی ووڈکے سلطان سلمان خان 2017 میں مقبولیت میں تیسرے نمبر پر رہے۔ اس سال ان کی فلم 'ٹیوب لائٹ'بالی ووڈ پر ناکامی کا شکار ہوگئی لیکن فلم 'ٹائیگرزندہ ہے'کے باعث وہ ایک بار پھر خبروں کا مرکز بن گئے جب کہ فلم کے ٹریلر نے انہیں ایک بار پھر مقبول اداکاروں کی فہرست میں لا کھڑا کیا۔

تمنا بھاٹیا:



بالی ووڈ اور ساؤتھ انڈین فلموں کی نامور اداکارہ تمنا بھاٹیا 2017 میں مقبول ترین اسٹارز کی فہرست میں چوتھا نمبر حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔ فلم 'باہوبلی'نے ان کی شہرت میں چار چاند لگادئیے۔

پربھاس:



ساؤتھ انڈین فلموں کے نامور اداکار پربھاس کو فلم'باہوبلی2'نے رواں سال بھارت کے صف اول کے اداکاروں کی فہرست میں لاکھڑا کیا۔ فلم کی غیر معمولی کامیابی اور تاریخی بزنس کے باعث اداکار پربھاس کی شہرت میں ریکارڈ اضافہ ہوا۔

عرفان خان:



بالی ووڈ کے باصلاحیت اداکار عرفان خان فلم 'ہندی میڈیم'اور 'قریب قریب سنگل'کے باعث رواں سال بالی ووڈ پر چھائے رہے۔ ہندی میڈیم میں پاکستانی اداکارہ صبا قمر اور عرفان خان کی جوڑی نے بالی ووڈ میں دھوم مچادی تھی۔

انوشکا شرما:



انوشکا شرما کی 2017 کی ابتدا میں فلم 'فلوری'ریلیز ہوئی تھی یہ فلم باکس آفس پر اوسط درجے کی کامیابی حاصل کرسکی تاہم انوشکا اوربھارتی کپتان ویرات کوہلی کے درمیان نزدیکیوں اور دونوں کی شادی کی خبروں کے باعث وہ میڈیا پر چھائی رہیں۔

انوشکا شیٹھی:



فلم'باہوبلی2'سے شہرت حاصل کرنے والی ساؤتھ انڈین اداکارہ انوشکا شیٹھی رواں سال مقبول ترین اسٹارز کی فہرست میں آٹھویں نمبر پربراجمان ہیں۔

ہرتیک روشن:



ہرتیک روشن کی 2017 میں صرف ایک ہی فلم 'قابل'ریلیز ہوئی۔ یہ فلم باکس آفس پر اچھا بزنس کرنے میں کامیاب ہوئی تاہم اس کے علاوہ ہرتیک روشن رواں سال اور کسی قابل ذکر پروجیکٹ میں نظر نہیں آئے۔

کترینہ کیف:



بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف کی رواں سال دو فلمیں'بار بار دیکھو'اور'جگاجاسوس'ریلیز ہوئیں تاہم یہ دونوں فلمیں بالی ووڈ پرناکامی کاشکار ہوگئیں لیکن اس کے باوجود ان کی مقبولیت میں کوئی فرق نہیں پڑا جب کہ سلمان خان کے ساتھ 5 سال بعد فلم'ٹائیگر زندہ ہے'نے انہیں ایک بار پھر مقبول ترین اداکاراؤں کی فہرست میں لاکھڑا کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں