پسند کی شادی پر لڑکی والوں نے داماد کو کار سے کچل دیا

نوجوان ماجد کو جان سے مارنے کی کوشش کے بعد گھر والوں نے لڑکی کو بھی قید کردیا


ویب ڈیسک December 09, 2017
نوجوان ماجد کو جان سے مارنے کی کوشش کے بعد گھر والوں نے لڑکی کو بھی قید کردیا. فوٹو: ایکسپریس نیوز

پسند کی شادی پر لڑکی کے رشتے داروں نے داماد کو کار سے کچل دیا جبکہ لڑکے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال میں داخل کرادیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پنڈی گھیب کے رہائشی نوجوان ماجد خان کو پسند کی شادی کرنے پر لڑکی کے بااثر خاندان نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور گاڑی سے کچل دیا۔ ماجد خان کو شدید زخمی حالت میں ہولی فیملی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ لڑکی کو اہلخانہ نے قید کرلیا ہے۔

بھائی ساجد نے بتایا کہ ماجد خان نے 1 سال قبل ملک امانت راول کی بھتیجی سے پسند کی شادی کی تھی، جس پر لڑکی کے چچا نے ماجد پر لڑکی کو طلاق دینے کے لئے دباؤ ڈالا بصورت دیگر اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ ساجد نے کہا کہ ماجد خان کے طلاق نہ دینے پر ماجد اور مجھے قتل کے جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا، تاہم مقدمہ جھوٹا ثابت ہونے پر ملک امانت نے ماجد کو اپنی جیپ تلے کچل دیا۔

تھانہ پنڈی گھیب کے پولیس حکام نے بتایا کہ ماجد کو گاڑی سے کچلنے کے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، ہوش میں آنے کے بعد اس کے بیان کی روشنی میں کارروائی کی جائے گی، ماجد نے پسند کی شادی کی جس کے بعد دشمنی کا آغاز ہوا، معاملے کی تفتیش جاری ہے۔

ساجد نے بتایا کہ بھابھی کی جانب سے آخری بار بذریعہ ایس ایم ایس بھائی سے رابطہ کیا گیا اور انہوں نے بتایا کہ گھروالوں نے اسے قید کیا ہوا ہے۔ ملک امانت راول پنڈی گھیب کی بااثر شخصیت ہے ، ماجد کی جان کو خطرہ ہے ، وزیر اعلیٰ پنجاب تحفظ دلوائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں