عدلیہ نے زرداری کا احتساب نہ کیا تو عوام حساب لیں گے شہباز شریف

ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہو تو مجھے لٹکادیا جائے، وزیراعلیٰ پنجاب

ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہونے پر مجھے لٹکادیا جائے، وزیراعلیٰ پنجاب۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر ان پر کرپشن ثابت ہوجائے تو انہیں لٹکادیا جائے۔

حویلی بہادر شاہ میں ایل این جی پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ نیب کے نئے چیرمین پنجاب کی صرف 56 کمپنیاں نہیں بلکہ 56 ہزار سرکاری کمپنیوں کا بھی احتساب کریں تو مجھے خوشی ہوگی، کرپشن کے بھوت کو کنٹرول کرنے کیلیے وہ قانون بنائیں جو سب کیلیے ہو، ہمارا احتساب شوق سے کریں لیکن اپنے گریبان میں بھی جھانکیں، جنھوں نے ملک کو کنگال کیا ان سےکوئی نہیں پوچھےگا، عدالتوں اور نیب نے زرداری کا احتساب نہ کیا تو پھر عوام کی عدالت احتساب کرے گی۔


یہ بھی پڑھیں: چیرمین نیب کا پنجاب حکومت کی 56 کمپنیوں میں اربوں کی کرپشن کی تحقیقات کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کسی بھی منصوبے میں کرپشن ثابت ہونے کے بعد زندہ نہ بھی ہوا تو میری لاش قبرسے نکال کر لٹکادی جائے، میں نے ایک پائی کی بھی کرپشن نہیں کی، اگر میں نے کوئی خیانت کی ہو تو قوم میرا گلا پکڑلے، عمران خان خیبرپختونخوا میں تو کچھ نہ کر سکے اور چلے ہیں نیا پاکستان بنانے، قوم کا بیڑا غرق کرنے والوں کا احتساب نہ ہوا تو پھر خونی انقلاب آئے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی نے میٹرو ٹرین منصوبے کی 22 ماہ مخالفت کی، پھر نتھیا گلی کے پہاڑ سے اتر کر ان کو خیال آیا کہ پشاورمیں میٹروبس لگاؤں گا، عمران خان کے دائیں بائیں بیٹھے لوگ بڑی بڑی کرپشن میں ملوث ہیں اور قرض معاف کرائے ہیں، میرے خلاف ایک پائی کی بھی کرپشن ثابت ہو تو میرا گریبان اور آپکا ہاتھ ہوگا، متوسط طبقہ عمران خان کوووٹ نہیں دیتا۔
Load Next Story