سشمیتا سین 2 سال بعد پھر سے سلور اسکرین پر جلوی گر ہونگی

نئی فلم پر کام شروع، اپنی بات پر قائم رہتی ہوں، جو پسند ہے وہی کرتی ہوں نیت ٹھیک ہو تو کامیابی قدم چومتی ہے،ششمیتا سین

خوش لباس ہونے کے ساتھ خوش خوراک بھی ہوں، کھانے پکانے کا ہنر بھی جانتی ہوں،37 سالہ بالی وڈ اداکارہ کا خصوصی انٹرویو۔ فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکارہ سشمیتا سین نے کہا ہے کہ رواں سال فلموں میں واپسی ہورہی ہے اور شائقین ایک نئے اندز میںسلور اسکرین پر میری پرفارمنس سے محظوظ ہونگے۔

انھوں نے کہا کہ فلموں سے کنارہ کشی نہیں کی کچھ مصروفیات ہی ایسی تھیں اور اب حال ہی میں دبئی کے دورے سے واپسی پر اپنی زیر تکمیل فلموں کو مکمل کرانے کا کام بھی شروع کردیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نئی فلم بھی سائن کرلی ہے جو رواں سال ہی سینماگھروں کی زینت بنائی جائے گی۔ انھوں نے مزید کہا کہ بالی وڈ سے بہت کچھ حاصل کیا ہے اسے چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ آنیوالی فلم میں یادگار کردار نبھاؤں گی ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ فلم کی کہانی اچھی ہو تو اس پر کام کرکے اسے کامیابی سے ہمکنار کرانا آسان ہوجاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پرستاروں کے لیے یہ خوشخبری ہے کہ اسی سال فلموں میں واپسی ہورہی ہے۔ رواں سال ہی سلور اسکرین پر جلوہ گرہونگی ۔انھوں نے کہا کہ اپنی بات پر قائم رہتی ہوں۔جو پسند ہے وہی کرتی ہوں ،کسی کی دل آزاری نہیں کرتی ،دوستوں کی خوشی کے لیے کچھ کرنے کی جستجو ہے۔ انھوں نے کہا کہ فنی سفر کے دوران کئی نشیب و فراز آئے تاہم قدم نہیں ڈگمگائے ۔اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہوں ،تعلقات نبھانا جانتی ہوں۔ کامیابیوں پر خوشی ہوتی ہے ایسے حالات پیدا ہوجاتے ہیں جس پر تعطل بھی آجاتا ہے ۔فلمی سفر جاری رکھوں گی۔بالی وڈ سے شناخت ملی اور اسے چھوڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ اپنے فیصلوں پر قائم رہتی ہوں۔

انھوں نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ خوش لباس ہونے کے ساتھ خوش خوراک بھی ہوں اور کوکنگ بھی جانتی ہوں۔ اداکارہ کا کہنا ہے کہ اوریجنلٹی پسند ہے۔ پھول اچھے لگتے ہیں ،چاند کو دیکھنے پر خوشی ہوتی ہے۔ پراعتماد ہوں اپنی ذات پر بھروسہ رکھتی ہوں ۔ایک سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ دوستی کرنے میں کوئی برائی نہیں مگر بے وفائی کرنا ٹھیک نہیں، انھوں نے کہا کہ نیت ٹھیک ہو تو کامیابی قدم چومتی ہے۔ 37 سالہ اداکارہ نے کہا کہ نئی فلم کی کہانی دیکھ کر اس میں کردار نبھانے کا فیصلہ کروں گی۔ بڑے لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا اچھا لگتا ہے۔واضح رہے کہ 19 نومبر 1975 کو حیدر آباد کے بنگالی خاندان میں پیدا ہونے والی سشمیتا سین نے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ سے کیا۔




اداکارہ کے والد ونگ کمانڈر رہے۔ 1994 میں مس یونورس کا تاج سجا۔ فلپائن میں ہونے والے اپنی نوعیت کے منفرد مقابلہ حسن کے لیے منتخب ہونے والی سشمیتا پہلی بھارتی اداکارہ تھیں۔ 1995 میں عالمی مقابلہ حسن میں بھی حصہ لینے والی پہلی بھارتی خاتون تھیں ۔یہ اعزاز بھی صرف سشمیتا سین کے نام ہوا۔ ان اعزازات کے بعد سشمیتا نے بالی وڈ میں اداکاری کا فیصلہ کیا ۔پہلی فلم ''دستک ''تھی ۔اداکارہ کی پہلی تامل فلم بھی بلاک بسٹر ثابت ہوئی ۔اسی دوران اداکارہ کی فلم اسٹار رندیب ہودا سے دوستی کے چرچے بھی ہوئے اور پھر تعلقات میں سرد مہری کی خبریں بھی آنے لگیں۔ پہلی فلم ''دستک''1996 میں ریلیز ہوئی۔

1997 کے دوران سشمیتا سین نے فلم ''زور''میں اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرکے شائقین کے دل جیتے۔ 1999میں فلم ''صرف تم ''میں پرفارم کیا اور اس میں بہترین پرفارمنس کے سبب انھیں بہترین معاون اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ۔اسی برس فلم ''ہندوستان کی قسم''،''بیوی نمبرون''اور ایک تامل فلم میں آئٹم سانگ کیا۔ 2000میں فلم ''آعاز ''اور فلم ''فضاء''میں جلوہ گر ہوئیں 2001 کے دوران اداکارہ نے فلم ''میں جھوٹ نہیں بولتا''، ''نائیک '' اور فلم ''بس اتنا سا خواب ہے ''میں پرفارم کیا۔ 2002میں فلم ''آنکھیں ''،''تم کو نہ بھول پائیں گے'' اور ''فی الحال''میں اپنی اداؤں کے جلوے دکھائے۔

2003 کے دوران اداکارہ کی فلم ''سمے'' اور ''پران جائے پر شان نہ جائے''ریلیز ہوئی ، 2004 کے دوران ریلیز ہونے والی فلم ''واستو''،''میں ہوں ناں''اور فلم''پیسہ وصول''میں اداکارہ کی پرفارمنس کو سراہا گیا۔ 2005 میں فلم ''جنگاری''، ''میں نے پیارکیوں کیا؟''،''میں ایسا ہی ہوں''، ''بے وفا''،''کسنا'' اور ایک انگریزی کی فلم بھی کی۔ 2006 کے دوران اداکارہ نے فلم''زندگی راکس''، ''الگ'' میں کام کیا 2007 میں رام گوپال ورما کی فلم ''آگ''میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ 2009 میں فلم ''کرما اور ہولی ''اور فلم ''ڈونٹ ڈسٹرب ''میں پرفارمنس دی۔2010 کے دوران سشمیتا سین کی دو فلمیں ''دولہا مل گیا''اور ''نوپرابلم''سینما گھروں کی زینت بنائی گئیں۔

اداکارہ نے بالی وڈ میں دوسال کے وقفے کے بعد پھر سے کام شروع کردیا ہے ۔اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ شائقین کو مایوس نہیں کروں گی ۔فلم میں اپنی پرفارمنس سے لوگوں کو انٹرٹین کرتے ہوئے ان کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہوں گی ۔اداکارہ ماضی میں ایک ٹی وی ریالٹی شو میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں۔
Load Next Story