آسٹریلینزمعین علی کو ’’کباب والا‘‘ کہہ کر چھیڑنے لگے

ایشزمیں کراؤڈ کی جانب سے نسلی فقرے بازی کا نشانہ بنایا جارہا ہے،انگلش کرکٹر


Sports Desk December 10, 2017
میچ کے دوران حریف کھلاڑیوں سے بھی نوک جھونک چلتی رہتی ہے لیکن میں ان چیزوں سے کبھی متاثر نہیں ہوتا، معین علی۔ فوٹو : فائل

آسٹریلوی تماشائی معین علی کو ''کباب والا'' کہہ کر چھیڑنے لگے۔

معین علی نے انکشاف کیا کہ رواں ایشز سیریز کے دوران انھیں آسٹریلوی کراؤڈ کی نسلی فقرے بازی کا سامنا ہے، انھوں نے کہاکہ باؤنڈری کے قریب فیلڈنگ کے دوران ایک شخص نے مجھ سے پوچھا کہ آپ کی کباب کی دکان کتنے بجے کھلتی ہے، معین علی نے واضح کیا کہ وہ ایسا کرنے والوں کے خلاف آفیشل شکایت کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے، نہ ہی ان کے ساتھ لفظی بحث میں الجھنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آپ کو کراؤڈ کی جانب سے کچھ اچھی چیزیں سننے کو ملتی ہیں اور کچھ لوگ بہت زیادہ اچھے بھی نہیں ہوتے مگر آپ کو ایسی چیزوں کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔

انگلش کرکٹر نے کہاکہ میچ کے دوران حریف کھلاڑیوں سے بھی نوک جھونک چلتی رہتی ہے لیکن میں ان چیزوں سے کبھی متاثر نہیں ہوتا، میں پوری توجہ کھیل پر مرکوز رکھنے کی کوشش کرتا ہوں۔ ابتدائی دونوں ایشز ٹیسٹ میں معین علی کی کارکردگی مایوس کن رہی جس میں وہ صرف2وکٹیں لے پائے اور اس کیلیے بھی98 رنز کی پٹائی برداشت کرنا پڑی،ان کی بانسبت میزبان اسپنر ناتھن لیون نے 11 وکٹیں 23 سے بھی کم کی اوسط سے لیں۔

اس بارے میں معین نے کہاکہ میں محسوس کرتا ہوں کہ اپنی ٹیم اور کپتان کو خاص طور پر مایوس کیا، لیون بہت ہی عمدگی سے بولنگ کررہے ہیں، میں نے ان کی بولنگ دیکھی، سب سے مشکل بات ایک سیریز میں دوسرے اسپنر کے ساتھ موازنہ ہوتا اور یہی آپ کو زیادہ سخت محنت پر اکساتی ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں