سلو اوور ریٹ پروٹیز قائد کے سر پر معطلی کی تلوار لٹکنے لگی

پاکستان کی طرح 4 اسپنرز نہیں جن کی مدد سے وقت بچا پائیں، ابراہم ڈی ویلیئرز


Sports Desk March 14, 2013
پاکستان کی طرح 4 اسپنرز نہیں جن کی مدد سے وقت بچا پائیں، ابراہم ڈی ویلیئرز۔ فوٹو: فائل

DOHA: جنوبی افریقی ون ڈے کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز کے سر پر سلواوور ریٹ کے سبب معطلی کی تلوار لٹکنے لگی۔

ان کا کہنا ہے کہ تمام تر کوششوں کے باوجود ون ڈے میچز میں وقت کنٹرول نہیں کرپارہے، مجھے اوور ریٹ کے لفظ سے ہی نفرت ہوگئی ہے، ہمارے پاس پاکستان کی طرح 4 اسپنرز نہیں ہیں جن سے ہم وقت بچا پائیں۔ تفصیلات کے مطابق ابراہم ڈی ویلیئرز نے تسلیم کیاکہ سلو اوور ریٹ کا معاملہ ان کیلیے ڈرائونا خواب بنتا جارہا ہے، حال ہی میں انھیں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران وقت پر اوورز مکمل نہ کرنے کے جرم میں دو میچز کیلیے معطل ہونا پڑا تھا، ان کی 100 فیصد میچ فیس بھی کاٹ لی گئی تھی۔

کپتان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف پہلے ون ڈے میں کھیل کا ٹیمپو تیز رکھنے کی بھرپورکوشش کے باوجود ٹیم مقررہ وقت میں ایک اوور پیچھے رہی، مجھے اب لفظ اوور ریٹ سے ہی نفرت ہونے لگی، میں اپنی پوری کوشش کرتا ہوں اور پلیئرز ٹیمپو کو تیز رکھنے کیلیے سخت محنت بھی کرتے ہیں مگر اس کے باوجود ہم مقررہ وقت سے پیچھے چل رہے ہوتے ہیں، خاص طور پر آخری 15 اوورز میں اوور ریٹ کا خیال رکھنا کافی مشکل ہوتا ہے۔

3

اس وقت حریف بیٹسمین جارحانہ انداز میں کھیل رہے ہوتے اور آپ کو فیلڈ سیٹنگ میں وقت لگتا ہے، انھوں نے کہا کہ ہم گذشتہ میچ میں بھی پیچھے تھے، ہمارے لیے یہ سمجھنا مشکل ہے کہ آخر مسئلہ کیا ہے، ہم اس پر قابو پانے کیلیے بھرپور کوشش کررہے ہیں، ڈی ویلیئرز نے کہا کہ گذشتہ میچ میں تو پھر بھی ہم کافی بہتر رہے ورنہ نیوزی لینڈ سے پہلے مقابلے میں تو ایک، دو نہیں پورے 6 اوورز پیچھے تھے۔

انھوں نے مزید کہا کہ تمام کھلاڑی پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہیں مگر یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ ہمارے پاس پاکستان کی طرح 4 اسپنرز نہیں ہیں جس سے اوورریٹ کو کنٹرول کرپائیں۔ واضح رہے کہ ایک اور سنگین اوور ریٹ جرم سے ابراہم ڈی ویلیئرز کو پھر معطلی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، سیریز کا دوسرا ون ڈے جمعے کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں