انڈین ویلز ٹینس ریڈوانسکا کو کریلنکو نے واپس کا پروانہ تھمادیا

مینز میں جوکووک، اینڈی مرے اور سونگا نے تیسرا مرحلہ پار کرلیا، کلک، الماگرو، مارڈی فش اور کائی نیشکوری ناکام۔

انڈین ویلز ٹینس: چوتھے راؤنڈ میں اسپینش کھلاڑی لارا آروبارینا ویسنیو روسی حریف ماریا شراپووا کیخلاف فور ہینڈ ریٹرن شاٹ کھیل رہی ہیں، انھیں اس مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ فوٹو: اے ایف پی

انڈین ویلز ٹینس چیمپئن شپ میں تھرڈ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا کو ماریا کریلنکو نے واپسی کا پروانہ تھما دیا۔

دفاعی چیمپئن اور ٹاپ سیڈ وکٹوریا آذرنیکا اور ماریا شراپووا نے حسب توقع کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، کیرولین ووزینسکی، سمانتھا اسٹوسر اور اینجلیک کیربر نے بھی اپنے حریفوں کو مات دے کر راؤنڈ آف 8 میں نشست پکی کرلی، مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ نووک جوکووک، اینڈی مرے اور جوئے ولفریڈ سونگا نے تیسرا مرحلہ پارکرلیا، مارن کلک، نکولس الماگرو ، مارڈی فش اور کائی نیشکوری کی ہمت جواب دے گئی۔

تفصیلات کے مطابق ویمنز سنگلز کے چوتھے راؤنڈ میں تھرڈ سیڈ پولش پلیئر اگنیسکا ریڈوانسکا کو شکست ہوگئی، روس کی ماریا کریلنکو نے6-1،4-6 اور 7-5 سے فتح سمیٹتے ہوئے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی جہاں ان کا سامنا سابق ومبلڈن چیمپئن پیٹرا کیوٹوا سے ہوگا، جمہوریہ چیک کی کیوٹوا نے کارلا زاکا پولوا کو باآسانی 6-2،6-3 سے مات دی، فورتھ سیڈ اینجلیک کیربر اورآسٹریلوی کھلاڑی سمانتھا اسٹوسر نے بھی کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی،کیربر نے اسپینش کوالیفائر گاربن مگروزا پر 6-4،7-5 سے ہاتھ صاف کیا،اسٹوسرنے جرمن حریف مونا بارتھیل کو 4-6،6-2 اور 6-3 سے ٹھکانے لگایا۔




ٹاپ سیڈ اوردفاعی چیمپئن بیلاروس کی وکٹوریا آذرنیکا نے سیزن میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز برقرار رکھا، انھوں نے ارسزیلا ریڈوانسکا پر 6-3،6-1 سے غلبہ پایا، سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے انھیں اب کیرولین ووزینسکی کا چیلنج درپیش ہوگا، ڈینش پلیئر نے نادیا پیٹرووا کیخلاف7-6(7/3)،6-3 سے کامیابی پائی، روسی اسٹار ماریا شراپووا کوارٹر فائنل میں سارا ایرانی سے مقابلہ کریں گی، ماریا نے چوتھے راؤنڈ میں اسپین کی لارا آروبارینا ویسینو کو 7-5،6-0 سے ہرایا، انڈین ویلز آنے سے قبل اکاپلکو میں ٹائٹل جیتنے والی سارا ایرانی کو اپنی عمدہ فارم کا صلہ کوارٹر فائنل میں رسائی کی صورت مل گیا، انھوں نے 9 سیڈ ماریون بارٹولی پر 6-3،6-2 سے غلبہ پایا۔

مینز سنگلز میں 12 سیڈ کروشیا کے مارن کلک کا راستہ میلوس راؤنک نے روک دیا، انھوں نے3-6،6-4 اور 6-3 سے کامیابی کی بدولت چوتھے راؤنڈ میں جگہ بنالی، جوئے ولفریڈ سونگا نے مارڈی فش کا شکار 7-6(7/4)،7-6(7/0) سے کیا، ٹاپ سیڈ نووک جوکووک،گریگور دیمیتروف پر 7-6(7/4)،6-1 سے غالب رہے، نکولس الماگرو کو جرمنی کے ٹامی ہاس نے6-3،6-7(2/7)،7-6(7/2) سے زیر کرلیا، جاپان کے کائی نیشکوری نے ارجنٹائنی پلیئر کارلوس بیرلوک کے سامنے 6-2،6-2 سے ہتھیار ڈال دیے، برطانوی اسٹار اینڈی مرے نے چائنیز تائی پے کے لو ین ہوشن کو 6-3،6-2 سے قابو کرلیا۔

Recommended Stories

Load Next Story