ورلڈ جونیئر اسکواش 2020 پاکستان میزبانی کا خواہاں

ڈبلیو ایس ایف اور پی ایس اے کے صدور رواں ماہ پاکستان آنے پر رضامند۔


Sports Reporter December 11, 2017
پی ایس اے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد لاہور اور کراچی میں بھی انٹرنیشنل ایونٹس منعقد ہونے کا امکان روشن- فوٹو: فائل

ISLAMABAD: پاکستان میں انٹرنیشنل کھیلوں کی راہ مزید ہموار ہونے لگی تاہم جب کہ پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن پی ایس اے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد لاہوراورکراچی کوبھی انٹرنیشنل ایونٹس کی میزبانی سونپے گی۔

ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2020ء کی میزبانی کے حوالے سے بھی مراسلہ ورلڈ اسکواش فیڈریشن کو بھجوا دیا گیا تاہم ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے صدر اور پی ایس اے کے صدر کو دسمبر میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے جو انھوں نے قبول کرلی ہے دونوں صدور دسمبر میں پاکستان کے دورے پر آئیں گے اور وہ اسلام آباد میں ہونے والے پی ایس اے کے مقابلوں کا جائزہ لیں گے۔

پاکستان اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان کا کہنا ہے کہ پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر الیکس گو نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اسلام آباد میں پی ایس اے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے بعد لاہور اور کراچی میں بھی پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کی میزبانی پاکستان کو دیں گے، ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2020 کی میزبانی کے حوالے سے مراسلہ ورلڈ اسکواش فیڈریشن کو بھجوادیا ہے۔

میڈیا سے بات چیت میں قمر زمان نے کہاکہ ورلڈ اسکواش فیڈریشن کا اجلاس فرانس میں منعقد ہوا جس میں پاکستان کی جانب سے ایئر مارشل شاہد علوی اور اسکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان نے شرکت کی۔ اجلاس میں تمام ممالک کے وفود بھی موجود تھے۔

ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے اجلاس میں پاکستان کی جانب سے شرکت کرنے والے وفد نے پاکستان کے دیگرشہروں میں پی ایس اے کے مقابلے بحال کرنے کے حوالے سے فیڈریشن کے صدر کو آگاہ کیا جس پر پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کے صدر ایلکس گو نے پاکستانی وفد کو یقین دہانی کرائی کہ دسمبر میں اسلام آباد میں ہونے والے پی ایس اے کے مینز اور خواتین ایونٹس کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان کے دیگر شہروں لاہور اور کراچی میں بھی پی ایس اے کے مقابلوں کی میزبانی دیں گے، انھوں نے کہاکہ ہم نے ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے صدر اور پی ایس اے کے صدرکو دسمبر میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی ہے۔

دونوں صدور رواں ماہ پاکستان کے دورے پر آئیں گے اور وہ اسلام آباد میں ہونے والے پی ایس اے کے مقابلوں کا جائزہ لیں گے، انھوں نے کہاکہ پاکستان نے ورلڈ جونیئر اسکواش چیمپئن شپ 2020ء کی میزبانی کے حوالے سے ورلڈ اسکواش فیڈریشن کو مراسلہ بھجوایا ہے، امید ہے وہ اس ایونٹ کی میزبانی پاکستان کو دینگے۔

قمر زمان نے کہاکہ ورلڈ اسکواش فیڈریشن کے اجلاس میں اولمپک 2020 اور 2024 میں اسکواش کے کھیل کو شامل کرنے پر غور کیا گیا جس پر سب نے اتفاق کیا ہے کہ اولمپکس میں اسکواش کے کھیل کو شامل کیا جائے گا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں