نامور ادیب اور محقق مسعود احمد برکاتی انتقال کرگئے

نماز جنازہ آج فیڈرل بی ایریا بلاک 14 نصیر آباد میں بعد نماز ظہر الفلاح مسجد میں ادا کی جائے گی۔


Staff Reporter December 11, 2017
مسعود احمد برکاتی کا شمار ہمدرد فاؤنڈیشن کے سربراہ حکیم محمد سعید کے انتہائی قریبی، بااعتماد اور دیرینہ ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ فوٹو؛ فائل

ملک کے نامور ادیب، محقق، مترجم اور حکیم محمد سعید کے دیرینہ ساتھی مسعود احمد برکاتی انتقال کرگئے تاہم ان کی نماز جنازہ آج فیڈرل بی ایریا بلاک 14 نصیر آباد میں بعد نماز ظہر الفلاح مسجد میں ادا کی جائے گی۔

مرحوم کے نواسے محمد عمر نے ایکسپریس کو بتایا کہ مسعود برکاتی نے سوگواران میں اہلیہ ، 3بیٹیاں اور ایک بیٹا چھوڑا ہے، ان کی عمر 85 برس تھی۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے اور کچھ ماہ قبل وہ دل کے عارضے میں بھی مبتلا ہوگئے تھے۔ انھیں سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کیا جائے گا ،وہ تقسیم ہند کے بعد پاکستان چلے آئے اور ہمدرد فاؤنڈیشن سے ایسے منسلک ہوئے کہ زندگی کی 60 سے زائد بہاریں انھوں نے اسی ادارے میں دیکھیں۔

مسعود احمد برکاتی کا شمار ہمدرد فاؤنڈیشن کے سربراہ حکیم محمد سعید کے انتہائی قریبی، بااعتماد اور دیرینہ ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ وہ نامور ادیب، محقق، کئی کتابوں کے مصنف اور مترجم رہے ، وہ خصوصی طور پر بچوں کے ادب کی قد آور شخصیت تھے۔

مسعود احمد برکاتی بچوں کے رسالے ہمدرد نونہال اور ہمدرد صحت کے مدیر رہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ہمدرد ایڈیٹوریل بورڈ کے سربراہ کے طور پر بھی فرائض منصبی انجام دیتے تھے۔

واضح رہے کہ ہمدرد نونہال مشہور و معروف رسالہ ہے اور نہ صرف پاکستان بلکہ پاکستان سے باہر بھی بچوں میں انتہائی مقبول رسالہ رہا ہے۔ مرحوم صدارتی ایوارڈ یافتہ اور گولڈ میڈلسٹ بھی تھے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں