شہنشاہ جذبات دلیپ کمار 95 برس کے ہوگئے

صحت کی خرابی کے باعث دلیپ کمار کی سالگرہ روایتی دھوم دھام سے نہیں منائی جائے گی، اہلیہ


ویب ڈیسک December 11, 2017
جب میں نے انہیں بتایا کہ روزانہ لاکھوں لوگ آپ کے لیے دعا کرتے ہیں تو وہ مسکرادئیے؛ سائرہ بانو؛فوٹوفائل

لاہور: برصغیر پاک و ہند کے لیجنڈ اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 95 برس کے ہوگئے ہیں تاہم ان کی علالت کے باعث سالگرہ کی تقریب سادگی سے منائی جائے گی۔

بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار آج 95 برس کے ہوگئے ہیں۔ دلیپ کمار کی سالگرہ کے موقع پر ان کی اہلیہ سمیت تمام گھر والے یہ دن بھرپور طریقے سے مناتے ہیں تاہم ان کی اہلیہ سائرہ بانو کا کہنا ہے کہ اس بار دلیپ کمار کی خراب صحت کے باعث وہ یہ دن دھوم دھام سے نہیں مناسکیں گے۔

سائرہ بانو نے ٹوئٹ میں پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم تمام اہل خانہ جن میں دلیپ کمار کی بہنیں، بھائی، رشتے دار اور ہمارے قریبی عزیز سب ہی شامل ہیں دلیپ کمار کی سالگرہ بھرپور طریقے سے مناتے ہیں، وہ دلیپ کمار کے لئے دعا گو مداحوں کی بہت مشکور ہیں۔

https://twitter.com/TheDilipKumar/status/939849755311595520

سائرہ بانو نے اپنی دوسری ٹوئٹ میں کہا ہے کہ مجھ سے بہت سارے لوگوں کی جانب سے پوچھا جاتا ہے کہ ہم دلیپ صاحب کی سالگرہ پر کیا کرتے ہیں، تومیں ان لوگوں کو بتانا چاہتی ہوں کہ اس دن ہمارا گھر بے تحاشہ پھولوں کے باعث فیری لینڈ بن جاتا ہے۔

https://twitter.com/TheDilipKumar/status/939851027330641920

دلیپ کمار کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ ہر سال صاحب کی سالگرہ کے دن دوستوں اور رشتے داروں کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے جو ان کے ساتھ وقت گزارتے ہیں لیکن اس بار دلیپ صاحب کی طبعیت خراب ہونے کے باعث ہم یہ دن دھوم دھام سے نہیں مناسکیں گے کیونکہ ڈاکٹر نے دلیپ کمار کو انفیکشن کی وجہ سے سختی کے ساتھ آرام کی ہدایت کی ہے۔

https://twitter.com/TheDilipKumar/status/939851559067721728

گزشتہ روز سائرہ بانو نے دلیپ کمار کی ایک تصویر ٹوئٹ کی تھی ساتھ میں لکھا تھا جب میں نے انہیں بتایا کہ آپ کے لیے روزانہ لاکھوں لوگ دعا کرتے ہیں تو وہ مسکرادئیے۔

https://twitter.com/TheDilipKumar/status/939836164843769856

واضح رہے کہ کئی دہائیوں تک بالی ووڈ پر راج کرنے والے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار نے اپنے فنی کیرئیر کا آغاز 1944 میں فلم 'جوار بھاٹا'سے کیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے 'دیوداس'،'مغل اعظم'،'ویدھاتا'، 'شکتی'، 'سوداگر'اور'کرما'جیسی کامیاب فلموں میں کام کیا۔ دلیپ کمار گزشتہ کئی عرصے سے بیمار ہیں جب کہ رواں برس ان کی طبعیت تیزی سے گری ہے جس کی وجہ سے انہیں کئی بار اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں