نگراں سیٹ اپوزیراعلیٰ سندھ نے اپوزیشن لیڈرکوخط لکھ دیا

اپوزیشن نے مشاورت مکمل کرلی،نگراں سیٹ اپ کامعاملہ 16مارچ تک طے ہوجائیگا،سرداراحمد

فنکشنل لیگ اور مسلم لیگ ہم خیال کی جانب سے سرداراحمدکوتین تین نام دیے گئے ہیں فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے سندھ میں نگراں سیٹ اپ کے قیام کیلیے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید سرداراحمدکوخط لکھ دیاہے۔

جس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے ان سے نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے 2نام مانگ لیے ہیں۔اس حوالے سے سید سردار احمدنے رابطہ کرنے پربتایاکہ وزیر اعلیٰ سندھ نے صوبے میں نگراں وزیر اعلیٰ کیلیے جو خط تحریر کیاہے وہ مل گیا ہے،سندھ اسمبلی میں موجوددیگر اپوزیشن جماعتوں نے نگراں وزیراعلیٰ کے لیے نام مجھے دے دیے ہیں۔




نگراں وزیراعلیٰ کے نام کے حوالے سے ایم کیوایم میں مشاورت جاری ہے،کل (جمعہ کو)اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کے بعدنگراں وزیر اعلیٰ کیلیے دو نام وزیر اعلیٰ سندھ کودیدیے جائیں گے،اپوزیشن کے دومتفقہ ناموں کے بعدپیپلز پارٹی نگراں وزیراعلیٰ کے لیے اپنے دونام پیش کرے گی،سندھ میں نگراں سیٹ اپ کا معاملہ16مارچ تک طے کرلیاجائے گا،ہماری کوشش ہے کہ صوبے میں متفقہ طور پر نگراں وزیر اعلیٰ کے نام کااعلان کیاجائے۔

اپوزیشن کی جماعتوں نے نگراں وزیر اعلیٰ کے ناموں پرمشاورت مکمل کرلی ہے۔ باخبر ذرائع سے معلوم ہواہے کہ مسلم لیگ(فنکنشنل)کی طرف سے اپوزیشن لیڈرسیدسرداراحمدکو3نام دیے گئے تھے،جن میں عبداللہ حسین ہارون،خیر محمدجونیجو اورمحمد اسلم سنجرانی کے نام شامل ہیں،مسلم لیگ(ہم خیال)کی جانب سے بھی اپوزیشن لیڈر کو نگراں وزیر اعلیٰ سندھ کے لیے3نام دیے گئے ہیں ۔ ان میں سابق چیف جسٹس (ر) سجاد علی شاہ، ڈاکٹر محمد عظیم عالمانی اورجسٹس (ر) صادق لغاری شامل ہیں۔
Load Next Story