اوشیانا پاورلفٹنگ کی فاتح خواتین پرقسمت مہربان

ریلوے کا سنیہا اور ٹوئنکل کیلیے نقد انعام، ماہانہ تنخواہ میں 100 فیصد اضافے کا اعلان۔


Sports Reporter December 12, 2017
ریلوے کا سنیہا اور ٹوئنکل کیلیے نقد انعام، ماہانہ تنخواہ میں 100 فیصد اضافے کا اعلان۔ فوٹو: سوشل میڈیا

پاکستان ریلوے نے اوشیانا پیسفک پاورلفٹنگ چیمپئن شپ کی گولڈ میڈلسٹس کو خوشخبری سنا دی۔

اوشیانا پیسفک پاور لفٹنگ چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی ریلوے کی سنیہا غفور اور ٹوئنکل سہیل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4،4 گولڈ میڈل حاصل کیے اور سنیہا غفور کو 2017 کی طاقتور پاور لفٹر کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔ ان دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف اپنی شاندار کارکردگی سے پاکستان کا پرچم سر بلند رکھا بلکہ پاکستان ریلوے کا بھی نام روشن کیا۔

سنیہا غفور اور ٹوئنکل سہیل کی عمدہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے جنرل مینجر پاکستان ریلوے، صدر ریلوے اسپورٹس بورڈ ایاز احمد اعوان، نائب صدر ریلوے اسپورٹس بورڈ پروفیسر ڈاکٹر فرحان عبادت یار خان، سیکریٹری ڈاکٹر آفتاب اقبال چوہدری، اسپورٹس آفیسر راشد محمود بٹ، اکاؤنٹس آفیسر عطا حسین بٹ اور سیکڑوں کھلاڑیوں نے مبارکباد پیش کی ہے اور صدر ریلوے اسپورٹس بورڈ فیاض احمد اعوان کی اجازت سے نائب صدر ریلوے اسپورٹس بورڈ، پروفیسر ڈاکٹر فرحان عبادت یار خان نے ان دونوں کھلاڑیوں کے لیے50، 50 ہزار روپے کیش ایوارڈ دینے کے ساتھ ساتھ ماہانہ تنخواہوں میں بھی 100 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا۔

فرحان عبادت یار خان نے کہا کہ پاکستان ریلوے ملکی کھیلوں میں نرسری کا درجہ رکھتی ہے، ریلوے کے ساتھ اور موجود کھلاڑیوں نے ہمیشہ ہی ملک اور پاکستان ریلوے کا نام روشن کیا ہے جو کہ بجا طور پر خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ پاکستان ریلوے کھیلوں میں پروان چڑھے اور اپنا سابقہ مقام بحال کرے۔ انھوں نے کہا کہ ریلوے کے کھلاڑی ہر میدان میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے رہیں ہم ہر ممکن تعاون کرتے رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں