کراچی رینجرزاورپولیس کا مختلف علاقوں میں آپریشن درجنوں افراد گرفتار

شہر کے مختلف علاقوں میں آج بھی فائرنگ کے مختلف واقعات میں 2 بھائیوں سیمت 4افراد جان کی بازی ہارگئے


ویب ڈیسک March 14, 2013
مہران ٹاؤن میں رینجرز نے آپریشن کے دوران متعدد جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے کر بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا ۔فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز اور پولیس نے آپریشن کے دوران درجنوں افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا جب کہ منگھوپیر میں پولیس مقابلے کے دوران کالعدم تنظیم کا دہشت گرد بھی مارا گیا۔

اورنگی ٹاؤن میں 5 تھانوں کی بھاری نفری نےچھاپہ مار کاروائیوں میں حصہ لیا ، اس دوران 20 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لیاگیا ، ایم پی آر کالونی سے 4 ملزم پکڑے گئے جبکہ فرنٹئیر کالونی میں پولیس کو کارروائی کے دوران مزاحمت کاسامنا بھی کرنا پڑا ، جرائم پیشہ افراد نےپولیس ٹیم پر فائرنگ کردی اور مقابلے کے بعد دو ملزمان کو گرفتار کرکےاسلحہ برآمد کرلیا گیا ، اسنیپ چیکنگ کے دوران مزید 5 ملزمان کو حراست میں لیا گیا ، سائٹ کے علاقے میٹروول سےبھی 3 ملزم پکڑے گئے۔

منگھوپیر کے علاقے سلطان آباد میں پولیس اور کالعدم تنظیم کے کارکنوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک شدت پسند ہلاک جبکہ 3 فرار ہوگئے، پولیس نے ملزمان سے ایک مسروقہ گاڑی اور اسلحہ برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

دوسری جانب رینجرز کی بھاری نفری نے مہران ٹاؤن میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا، اس کارروائی میں 500 سے زائد اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ آپریشن کے دوران متعدد جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لے کر بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دعوؤں کے باوجود کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور تشدد زدہ لاشوں کا ملنا زور کا معمول بن چکا ہے اورآج بھی مختلف واقعات میں 4 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ ملیرسٹی سے دوتشدد زدہ بھائیوں کی لاشیں ملیں جن کی شناخت عبداللہ اورفرید کے نام سے ہوئی ۔ ماڈل کالونی میں ٹیلی فون ایکس چینج کے قریب ایک شخص کو موت کی نیند سلادیا گیا جبکہ سپرہائی ہائی وے سے بھی ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں