نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو دوسرے ٹیسٹ میں بھی شکست دیکرسیریزاپنے نام کرلی

ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو اننگز اور 67 رنز سے شکست دی تھی


Sports Desk December 12, 2017
راس ٹیلر میچ کے بہترین پلیئر قرار پائے،فوٹو:اے ایف پی

GENEVA: نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 240 رنز سے ہرا کر سیریز 2-0 سے اپنے نام کر لی۔ راس ٹیلر میچ کے بہترین پلیئر قرار پائے۔

ہیملٹن میں کھیلے گئے میچ کے چوتھے روز 444 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے 2 وکٹ پر 30 رنز سے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو انہیں فتح کیلیے مزید 414 رنز درکار تھے لیکن پوری ٹیم 203 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، 5 بیٹسمین ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہو سکے، نیوزی لینڈ کی جانب سے نیل ویگنر نے 3 جبکہ ٹم ساﺅتھی، ٹرینٹ بولٹ اور مچل سینٹنر نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔

قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جنہوں نے پہلی اننگز میں 373 رنز بنائے، جیت راول 84 اور کولن ڈی گرینڈ ہوم نے 58 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، شینن گیبریل نے 4، کیمار روچ نے 3 وکٹیں حاصل کی۔ جواب میں ویسٹ انڈین ٹیم پہلی اننگز میں 221 رنز بنا سکی، کریگ بریتھ ویٹ نے 66 رنز بنائے، ٹرینٹ بولٹ نے 4 جبکہ ٹم ساﺅتھی، کولن ڈی گرینڈ ہوم اور نیل ویگنر نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ نے راس ٹیلر کی ناقابل شکست سنچری سے تقویت پاتے ہوئے دوسری اننگز میں 8 وکٹ پر 291 رنز بناتے ہوئے اننگز ڈکلیئر کرتے ہوئے مہمان ٹیم کو فتح کیلیے 444 رنز کا ہدف دیا تھا۔ راس ٹیلر مین آف دی میچ قرار پائے۔


واضح رہے کہ ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو اننگز اور 67 رنز سے شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے مابین 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز بھی کھیلی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں