کراچی کے سارے مسائل بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے ہیں عمران خان           

پاکستان میں کبھی بھی صحیح معنوں میں بلدیاتی نظام نہیں بنا، چیئرمین تحریک انصاف


ویب ڈیسک December 13, 2017
عمران خان چار روزہ دورے پر کراچی پہنچے ہیں ۔ فوٹو : پی پی آئی

تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی کے سارے مسائل بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران عمران خان نے کہا کہ روپے کی قدر کم ہونےکے ذمے دار نواز شریف اور اسحاق ڈار ہیں، ان کی ناقص پالیسیوں کے سبب معیشت کو نقصان پہنچا، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہونے سے قرضوں کا بوجھ بڑھے گا اور معاشی حالات بگڑیں گے لیکن حکومت کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں۔ ملک کے ہرمسئلے کاحل قبل ازوقت الیکشن ہیں، قبل از وقت انتخابات سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے۔

اس سے قبل تاجر برادری کی تقریب سے خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے تمام ادارے تباہ کردیے ہیں، میرےخلاف مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے۔ وزیراعظم اور وزراء کرپشن کریں تو ملک تباہ ہوجاتے ہیں، 21 سال سے کرپشن کے خلاف جنگ لڑرہا ہوں، حکمران پیسے چوری کرکے باہر لےجاتے ہیں لیکن آج تک کسی نے منی لانڈرنگ کی بات نہیں کی، سپریم کورٹ نے انہیں سسلین مافیا ٹھیک کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے، کراچی معاشی حب ہے، اس کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے، ہم تاجر برادری کو پارٹنر سمجھتے ہیں کیونکہ صنعتوں کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کرسکتا، ہمیں تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل حل کرنے ہوں گے، ایسا کرنے سے بے روزگاری پر قابو پایا جاسکے گا۔

ختم نبوت کے حلف نامے میں ترمیم پر احتجاج کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ میرے خلاف بھی کئی احتجاج ہوئے لیکن کسی پر ڈنڈے نہیں چلائے، یہ معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا، مسلم لیگ (ن) کو یہ جواب دینا ہوگا کہ ختم نبوت کے حلف نامے میں تبدیلی کسے خوش کرنے کے لیے کی گئی۔ ظفرالحق کمیٹی نے اپنی رپورٹ جلد پیش نہ کی تو یہ معاملہ آگے بھی چلے گا۔

عمران خان نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان ترقی کے میدان میں بہت آگے تھا لیکن پھر یہ پیچھے چلاگیا کیونکہ حکمرانوں نے قلیل مدتی منصوبے بنائےگئے جس کی وجہ سے کرپشن بڑھی جب کہ چین نے طویل مدتی منصوبہ بندی کے ذریعے ترقی کی منازل طے کی ہیں۔

بعد ازاں عمران خان قائد آباد پہنچے جہاں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کبھی بھی صحیح معنوں میں بلدیاتی نظام نہیں بنا، بلدیاتی نظام کی بہتری تک نظام درست نہیں ہوسکتا، کراچی کے سارے مسائل بلدیاتی نظام نہ ہونے کی وجہ سے ہیں، یہاں فنڈز چوری کیے جاتے ہیں، سڑکوں کی حالت خراب ہے، جو رقم بلدیاتی کاموں میں خرچ ہونی چاہیے وہ وزیروں کی جیبوں میں چلی جاتی ہے۔ ہم اقتدار میں آکر کرپشن کا خاتمہ، حقیقی بلدیاتی نظام نافذ اور کراچی میں ایڈمنسٹریشن کے نظام کو تبدیل کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں