ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے اجالا سولر پراجیکٹ کو بھی کرپشن سے پاک قرار دیدیا

سولرپراجیکٹ کیئے2لاکھ سولرپینلزکی خریداری کی گئی جسکے عمل میں کسی قسم کی بدعنوانی سامنے نہیں آئی، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل


ویب ڈیسک March 14, 2013
اجالا سولر پراجیکٹ میں پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2009 پر مکمل عملدرآمد کیا گیا اور اجالا سولر پراجیکٹ مکمل طور پر شفاف ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان فوٹو: ایکسپریس

ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل پاکستان نے پنجاب حکومت کے اجالا سولر پراجیکٹ کو بھی قواعد وضوابط کے مطابق اور کرپشن سے پاک قرار دے دیا۔


ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل پاکستان کے محکمہ انرجی پنجاب کے نام لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے پنجاب حکومت کے اجالا سولر پراجیکٹ کے لئے 2 لاکھ سولر پینلز کی خریداری کی گئی جس کے عمل میں کسی قسم کی بدعنوانی سامنے نہیں آئی، اجالا سولر پراجیکٹ میں پنجاب پروکیورمنٹ رولز 2009 پر مکمل عملدرآمد کیا گیا اور اجالا سولر پراجیکٹ مکمل طور پر شفاف ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے مطابق حکومت پنجاب کے ساتھ 28 فروری کو مفاہمتی یادداشت فائنل ہوئی جس کے تحت اجالا سولر پراجیکٹ کے کنٹریکٹس اور خریداری کے معاملات کا بغور جائزہ لیا گیا۔


خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹر نیشنل پاکستان ملک میں قانون کی حکمرانی کے لئے کوشاں ہے اور کرپشن کے خاتمے اور گڈگورننس کے فروغ کے لئے بھی ہر طرح سے کوششیں کرتی رہے گی۔


واضح رہے کہ گزشتہ روز ٹررانسپرنسی انٹرنیشنل نے ڈی جی ایل ڈی اے کے نام خط میں میٹرو بس منصوبے کو بھی کرپشن سے پاک قرار دیا تھا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل پاکستان نے مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویز الٰہی، وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی طرف سے پنجاب حکومت کے خلاف میٹرو بس منصوبے کے حوالے سے عائد کیے جانے والے الزامات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے استدعا کی تھی کہ مطلوبہ تفصیلات 7 یوم کے اندر فراہم کردی جائیں تاکہ ان کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جاسکے لیکن ٹرانسپرنسی کواس حوالے سے عمران خان اور پرویز الٰہی کی جانب سے کوئی ثبوت پیش نہیں کئے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں