انڈین ویلز ٹینس دونوں ’’ماریا‘‘ نے فائنل فور مرحلے میں قدم رکھ دیا

شراپووا نے سارا ایرانی،کریلنکو نے پیٹرا کوویٹا کو شکست دی


AFP/Sports Desk March 15, 2013
شراپووا نے سارا ایرانی،کریلنکو نے پیٹرا کوویٹا کو شکست دی، مینز میںراجر فیڈرر، رافیل نڈال،جوکووک اورمرے کی کوارٹر فائنلزتک رسائی. فوٹو : اے ایف پی/فائل

روس کی دونوں ''ماریا'' نے انڈین ویلز کے فائنل فور مرحلے میں قدم رکھ دیا۔

عالمی نمبر 3شراپووا نے اٹلی کی عالمی نمبر 8 سارا ایرانی اور ہم وطن کریلنکو نے جمہوریہ چیک کی پیٹرا کوویٹا کو شکست دی۔ مینز ایونٹ میں ٹینس کے ''بگ فور'' راجر فیڈرر، رافیل نڈال، نووک جوکووک اور اینڈی مرے نے کوارٹر فائنلز تک رسائی حاصل کر لی،واورنکا، گلبس، کیوری اور کارلوس برلوک کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق ویمنز ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں ماریا شراپووا نے سارا ایرانی کیخلاف7-6 (8/6),6-2 سے فتح سمیٹی،گذشتہ سال یہ دونوں فرنچ اوپن فائنل میں بھی ایک دوسرے کے آمنے سامنے تھیں اور شراپووا نے مقابلہ جیت لیا تھا۔

روسی اسٹار نے گذشتہ سال ہی رولینڈ گیروس فائنل میں ایرانی کو مات دے کر گرینڈ سلم ٹائٹل حاصل کیا،وہ اس ایونٹ میں چھٹی مرتبہ فیصلہ کن معرکے تک پہنچی ہیں، انھوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ 2006 کے بعد دوسرا ٹائٹل بھی اپنے نام کرلوں گی۔ یاد رہے شراپووا گذشتہ سال فائنل میں وکٹوریہ آذرنیکا سے ہارچکی ہیں، سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ ہم وطن ماریا کریلنکو سے ہوگا جنھوں نے کوارٹر فائنل میں2011 ومبلڈن چیمپئن پیٹرا کویٹووا کو 4-6, 6-4, 6-3سے زیر کیا،کریلنکو نے تھرڈ سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا کو چوتھے راؤنڈ میں پچھاڑا تھا، انھوں نے دس مرتبہ شرکت کے بعد انڈین ویلز کے سیمی فائنلز میں پہلی مرتبہ جگہ پائی۔

1

مینز ایونٹ میں دفاعی چیمپئن راجر فیڈررنے دو گھنٹے 20 منٹ کی جدوجہد کے بعد ساتھی سوئس پلیئر اسٹینسلاس واورنکا کو 6-3, 6-7 (4/7), 7-5 سے زیرکیا۔ 7 ماہ تک انجری کے سبب ٹینس سے دور رہنے کے بعد چوتھا ٹورنامنٹ کھیلنے والے رافیل نڈال نے فارم میں آئے ہوئے لٹویا کے ارنسٹس گلبس کو 4-6, 6-4, 7-5 سے مات دی۔ ''بگ فور'' کے دیگر دو کھلاڑی بھی کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئے ہیں۔ عالمی نمبر ایک نووک جوکووک نے امریکا کے سام کیورے کو 6-0, 7-6 (8/6) سے ہرایا،عالمی نمبر تین اینڈی مرے نے ان سیڈڈ ارجنٹائنی پلیئر کارلوس برلوک کو 7-6 (7/4), 6-4سے پچھاڑا۔

2008 اور 2011 میں جیتنے والے جوکووک کا اگلا مقابلہ فرانس کے جو ولفریڈ سونگا سے ہے، جنھوں نے کینیڈا کے میلوس رونک کیخلاف 4-6, 7-5, 6-4سے فتح حاصل کی۔ اگلے میچ میں مرے کا سامنا ارجنٹائن کے سیڈ 7 جوان مارٹن ڈیل پوٹروسے ہے جنھوں نے جرمن ویٹرن ٹومی ہاس کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-1, 6-2 سے زیر کیا۔سیڈ 6جمہوریہ چیک کے ٹوماس برڈیچ بھی کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے،انھوں نے فرانس کے رچرڈ گیسکویٹ کو 6-1, 7-5سے شکست دی،اب جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن سے مقابلہ ہے جنھوں نے فرانس کے جائلز سیمون کو 6-3, 1-6, 6-4 سے ہرایا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں