کامپٹن نیوزی لینڈ کے اعصاب پر سوار مسلسل دوسری سنچری

210 کی شراکت، ویلنگٹن ٹیسٹ کے پہلے دن انگلینڈ نے 2 وکٹ پر267 رنز بنالیے۔


Sports Desk March 15, 2013
ویلنگٹن ٹیسٹ کے پہلے روز انگلش بیٹسمین نک کامپٹن کا کور ڈرائیو، نیوزی لینڈ کیخلاف انھوں نے 100 رنز کی اننگز کھیلی۔ فوٹو: اے ایف پی

نک کامپٹن نیوزی لینڈ کے اعصاب پر سوار ہو گئے، نوجوان انگلش بیٹسمین نے اپنے دوسرے ٹیسٹ میں بھی سنچری بنا دی۔

ان کی عمدہ بیٹنگ دیکھ کر تجربہ کار جوناتھن ٹروٹ بھی جوش میں آ گئے ،وہ ناقابل شکست 121 رنز اسکور کرنے میں کامیاب رہے، دونوں نے دوسری وکٹ کیلیے210 رنز کی شراکت بنائی، ٹیم نے ویلنگٹن ٹیسٹ کے پہلے دن کا اختتام 2 وکٹ پر267کے اسکور پر کیا۔ تفصیلات کے مطابق نک کامپٹن نے کیریئر کے آغاز میں ہی اچھے کھیل سے روشن مستقبل کی نوید سنا دی، گذشتہ میچ میں انھوں نے ڈیبیو پر سنچری کا اعزاز پایا تھا۔

6

اب ویلنگٹن میں بھی کیوی بولر تمام تر کوشش کے باوجود ان کے انہماک میں خلل نہ ڈال سکے، بیسن ریزرو میں ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ میزبان ٹیم کو مہنگا پڑ گیا، بریڈمین سے تشبیہ دیے جانے سے الیسٹر کک حد سے زیادہ خود اعتمادی کا شکار ہو گئے، انھیں17کے اسکور پر ویگنر نے مڈآن پر موجود فلٹن کا کیچ بنوایا، اس کے بعد کامپٹن کو ٹروٹ نے جوائن کیا تو کیویز کی شامت آ گئی، بولرز63.3 اوورز تک سر دھنتے رہے مگروکٹ ہاتھ نہ آئی، دونوں نے 210 رنز کی پارٹنر شپ بنائی، سنچری اننگز میں 15، 15چوکے شامل رہے۔

انگلینڈ نے کیویزکے دیس میں ساتویں بار ڈبل سنچری شراکت کا لطف اٹھایا،کامپٹن 100 کے انفرادی اسکور پر سلپ میں ٹیلر کو کیچ دے بیٹھے،کیریئر کی نویں سنچری بنانے والے ٹروٹ نے کیون پیٹرسن کے ساتھ مل کر نیوزی لینڈ کو دن میں مزید کوئی خوشی منانے کا موقع نہ دیا، دونوں بالترتیب121اور18 رنز پر ناٹ آؤٹ پویلین واپس گئے،ٹیم نے 90 اوورز کے کھیل میں 2 وکٹ پر267 کا مجموعہ حاصل کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں