حکومت آنی جانی چیز ہے الیکشن تمام مسائل کا واحد حل ہے وزیراعظم

پیپلزپارٹی کے پاس الیکشن کے سوا کوئی راستہ نہیں، قوم سے وعدہ ہے آزادانہ اور شفاف انتخابات کرائے جائینگے


News Agencies/Monitoring Desk August 07, 2012
پارلیمنٹ کو میڈیا، عدلیہ کی طرح مضبوط ہونا چاہیے، پیپلزپارٹی کے پاس الیکشن کے سوا کوئی راستہ نہیں، قوم سے وعدہ ہے آزادانہ اور شفاف انتخابات کرائے جائینگے. فوٹو اے ایف پی

وزیراعظم راجاپرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت آنی جانی چیز ہے، پارلیمنٹ کو میڈیا اور عدلیہ کی طرح مضبوط اور آزاد ہونا چاہیے، تمام مسائل کا واحد حل انتخابات ہیں، جس میں بہت تھوڑا وقت باقی ہے، قوم سے وعدہ کرتے ہیں کہ ملک میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کرائے جائیں گے، پیپلز پارٹی کے پاس الیکشن کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ وزیراعظم ہائوس میں صحافیوں کو دیے گئے افطار ڈنرکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا طاقتور میڈیا اور آزاد الیکشن کمیشن کی موجودگی میں دھاندلی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،

آئندہ حکومت کے بارے میں صرف عوام فیصلہ کریں گے۔ ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، میڈیا حکومت پر تنقید کر سکتا ہے مگر عالمی سطح پر ملک کا امیج بہتر بنانے کی کوشش کرے۔ انھوں نے کہا کہ میڈیا کی آزادی پر قدغن لگانے کا کوئی سوچ بھی نہیں سکتا، ایک آمر نے ایسا کرنے کی کوشش کی آج وہ خود کہیں بھی نہیں ہے۔ انھوں نے کہا ناامیدی کی باتیں نہیں پھیلانی چاہئیں مایوسی گناہ ہے۔ میڈیا کو مایوسی پھیلانے کے بجائے حقائق پر مبنی رپورٹنگ کرتے ہوئے معاشرے میں امیدکی فضا قائم کرنی چاہیے۔

وزیراعظم نے کہا پارلیمنٹ کو مستحکم کر نے کا واحد طریقہ انتخابات ہیں، مجھے میڈیا وقت دے رہا ہے اور مجھ پر زیادہ بوچھاڑ نہیں ہے۔ میڈیا کے مسائل سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر اعظم نے کہاکہ کوئی سسٹم بنا کر مجھے دے دیں ہم آپ کے ساتھ ہونگے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے مظفرآباد میں تھوتھا مجوئی کے قریب 969 میگاواٹ کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی 2 ٹنل بورنگ مشینوں کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر پرویز اشرف نے کہا حکومت ہر سال بجلی کی سبسڈی کی مد میں 209ارب روپے دے رہی ہے بجلی بحران پر سیاست نہیں چمکانی چاہیے۔

ہماری حکومت سے قبل 10سال تک بجلی کا کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا ماضی میں تھرمل منصوبوں پر توجہ دی گئی جو بجلی کی پیداوار کا مہنگا ذریعہ ہے۔ حکومت بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلیے اقدامات کررہی ہے۔ وزیراعظم سے پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے چیئرمین رضا ربانی اور وزیر قانون فاروق نائیک نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، اہم آئینی و قانونی معاملات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آن لائن کے مطابق پرویز اشرف نے کہا کہ فیصل رضا عابدی کی عدالت کے بارے میں رائے کی توثیق نہیں کرتا، فیصل عابدی پیپلز پارٹی اور حکومت کی ترجمانی نہیں کرتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں