کراچیبھتہ دینے سے انکار پر تاجر کے گھر پر دستی بم حملہ فائرنگ 4 ہلاک

ڈیفنس میں فلورمل کے مالک سے60لاکھ روپے بھتہ طلب کیاگیاتھا،پاک کالونی میں دو گروہوں کے درمیان فائرنگ،2 افراد ہلاک


Staff Reporter August 07, 2012
ڈیفنس میں فلورمل کے مالک سے60لاکھ روپے بھتہ طلب کیاگیاتھا،پاک کالونی میں دو گروہوں کے درمیان فائرنگ،2 افراد ہلاک۔ فوٹو: فائل

کراچی میں بھتہ دینے سے انکار پر صنعتکار کے گھر پر دستی بم سے حملہ کیاگیا،مختلف علاقوں میں فائرنگ سے 4افراد ہلاک ،3زخمی ہوگئے، پاک کالونی میں دوگروہوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں2 افراد ہلاک ہوگئے،نارتھ ناظم آباداور اسٹیل ٹاؤن میں نالے سے 11سالہ بچی سمیت2افرادکی تشدد زدہ لاشیں ملیں۔ ڈیفنس فیزون میں رہائش پذیرفلور مل کے مالک میاں نصیراحمد کے بنگلے پرنامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے

تاہم دستی بم پھٹ نہیں سکا اطلاع ملنے پر پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ موقع پر پہنچ گیا،پولیس کے مطابق صنعتکارکے گھرپھینکاجانے والا دستی بم ناکارہ تھا اس میں نہ پن تھی اور نہ ہی بارود بھرا ہوا تھا صرفدستی بم کا خول تھا جو صرف خوف زدہ کرنے کے لیے پھینکا گیا تھا،میاں نصیر کو گذشتہ دو ماہ سے بھتہ مافیا کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی تھیں اور اس سے60لاکھ روپے بھتہ طلب کیا جارہا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے دستی بم پھینکنے کے فوراً بعد صنعتکار کو ایس ایم ایس کے ذریعے پیغام بھیجا کہ رقم نہیں دو گے تو ابھی نقلی بم پھینکا ہے بعد میں اصلی دستی بم بھی مارا جاسکتا ہے پولیس نے صنعتکارکی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔پاک کالونی تھانے کی حدود جہان آباد میں لیاری گینگ وار کے مرکزی کردار ارشد پپو گروپ اور مگسی گروپ کے کارندوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد جھگڑا شروع ہوگیا جس نے کچھ ہی دیر میں مسلح تصادم کی شکل اختیار کرلی اس دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر مورچہ بند فائرنگ کی،شدید فائرنگ سے علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا۔

علاقے کی دکانیں اور کاروبار بند ہوگئے اور لوگ گھروں میں محصورہوکر رہ گئے اطلاع ملنے پر پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں35سالہ لیاقت اور50سالہ علی محمد ہلاک ہوگئے۔

بغدادی تھانے کی حدود موسی لین مدنی روڈ کوثر مسجد کے قریب المکہ پینٹ ہاؤس پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں دکان پر بیٹھا ہوا سی آئی ڈی پولیس کا اہلکار40سالہ صدیق ہلاک ہوگیا، مقتول ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے ساتھ تعینات تھا،نارتھ ناظم آباد علامہ رشید ترابی روڈ پر نالے سے نامعلوم شخص کی لاش ملی،ایس ایچ او تیموریہ جہانگیر مہر نے بتایا کہ مقتول نے کلیجی رنگ کی شلوار قمیض پہن رکھی تھی،اسٹیل ٹاؤن تھانے کی حدود فلٹر پلانٹ کے قریب نالے سے11سالہ بچی کی15روز پرانی گلی سڑی لاش ملی۔

ایس ایچ او اسٹیل ٹاؤن ہارون کورائی نے بتایا کہ نالے سے ملنے والی بچی کی لاش کو سکینہ دختر خان محمد کے نام سے شناخت کرلیا گیا ہے،کلفٹن تھانے کی حدود زم زمہ اسٹریٹ پر موبائل فون کی دکان پر دو مسلح ملزمان آئے اور دکان کے مالک شہزاد سے اسلحے کے زور پر لوٹ مار شروع کردی اس دوران دکان کے مالک نے مزید رقم نکالنے کے لیے کرسی کے نیچے ہاتھ ڈالا تو ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں شہزاد سینے میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔

تاہم اس نے ایک ملزم کا ہاتھ پکڑ لیا اور دوسرے ہاتھ سے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے ملزم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا دوسرا ملزم فرار ہوگیا ،ایس ایچ او کلفٹن آصف جاکھرانی نے بتایاکہ ڈاکو کی شناخت قاسم علی کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق لاڑکانہ سے تھا،ملزم کے قبضے سے پستول اور لوٹا ہوا مال برآمد کرلیا ہے،قائد آباد تھانے کی حدود لانڈھی نیو مظفر آباد کالونی ایچ ایریا میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر منشیات فروشوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو وہاں موجود ملزمان نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آکر راہ گیر حماد اﷲ اور دو کمسن بہنیں9سالہ جویریہ اور8سالہ صبا دختر نثار زخمی ہوگئیں۔

ایس ایچ او قائد آباد امان اﷲ مروت نے بتایا کہ پولیس نے جوابی فائرنگ کے بعد منشیات فروش گروہ سے تعلق رکھنے والے ملزمان نیاز، ریاض اور حضرت عمر عرف بالی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دو پستول اور 3 کلوگرام چرس برآمدکرلی۔سندھ پولیس کے ترجمان ایس ایس پی ساؤتھ آصف اعجازشیخ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایاکہ گذشتہ24گھنٹوں کے دوران شہرکے مختلف علاقوں میں دوافراد قتل ہوئے اوردونوں ٹارگٹ کلنگ نہیں تھے دونوں افراد کا قتل ذاتی دشمنی کی بنا پر کیا گیا اس دوران7افراد زخمی ہوئے۔

جن میں تین افراد پولیس مقابلے کے دوران، ایک ڈکیتی مزاحمت پر،ایک شخص جھگڑے کے دوران اور ایک نامعلوم سمت سے گولی لگنے سے زخمی ہوا،انھوں نے بتایاکہ گذشتہ2گھنٹے کے دوران پولیس نے55افراد کو گرفتار کیا،ایس آئی یو پولیس نے دو ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا، پولیس نے گرفتارشدگان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف،ایک رپیٹر ، ایک رائفل، 19پستول وریوالور اور مختلف بورکی91 گولیاں برآمدکرلیں۔علاوہ ازیں سی آئی ڈی کے اہلکارمحمد صدیق کی نماز جنازہ گارڈن ہیڈ کوارٹرز میں ادا کر دی گئی، مقتول کو میوہ شاہ قبرستان میں سپرد خاک کردیاگیا۔

ایس ایچ اوبغدادی حاجی ثنا اﷲ نے بتایا کہ مقتول2بیٹوں اورایک بیٹی کا باپ اور سی آئی ڈی انسداد انتہا پسندی سیل میں راجہ خالدکی پولیس پارٹی میں تعینات تھا ۔ شرافی گوٹھ کے علاقے لانڈھی مانسہرہ کالونی فٹ بال گراؤنڈ کے قریب نامعلوم ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے 42 سالہ محمد ناصر بلوچ عرف کانا ہلاک جبکہ فائرنگ سے 10 سالہ ارسلان ، 14 سالہ ریاض اور 32 سالہ عبدالرزاق شدید زخمی ہوگئے فائرنگ سے موقع پر موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی اور خوف و ہراس پھیل گیا ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہلاک و زخمیوں کو ایدھی ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال پہنچایا ، ایس ایچ او شرافی گوٹھ اعجاز علی نے بتایا کہ مقتول کا تعلق کالعدم پیپلز امن کمیٹی سے تھا۔

جبکہ زخمی ہونے والے افراد فائرنگ کی زد میں آئے ہیں ، انھوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے فائرنگ کی تھی جبکہ پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے خالی خول ملے ہیں جنھیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے ، پولیس واقعہ کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دے رہی ہے، لانڈھی کے علاقے چراغ ہوٹل کے قریب ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ عدنان ہلاک جبکہ علامہ سلیم عباس نقشبندی شدید ہوگئے ہلاک و زخمی کو جناح اسپتال لایا گیا ، علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایس ایچ او لانڈھی ملک مظہر اقبال قریب ہی موجود تھے۔

جو فائرنگ کی آواز سن کر خوفزدہ ہوگئے اور قریب ہی کھڑی ہوئی ایک کار کے پیچھے چھپ گئے اور بعدازاں موقع پا کر وہاں سے تھانے کی جانب روانہ ہوگئے ، واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور دکانیں و کاروبار بند ہوگیا ،سنی تحریک کے ترجمان کے مطابق مولانا سلیم عباس نقشبندی علما بورڈ کے رکن ہیں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ،کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے رینجرز کی نفری کو طلب کرلیا گیاہے، الفلاح کے علاقے ملیر کے علاقے جمعہ گوٹھ میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 افراد 20 سالہ وسیم اکرم ، 10 فرحان اور 22 سالہ وسیم زخمی ہوگئے

جنھیں فوری طبی امداد کے لیے جناح اسپتال لایا گیا ، پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کر رہی ہے ، سعید آباد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد 25 سالہ حماد اور 24 سالہ محمد عمر زخمی ہوگئے ، کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 30 سالہ سہیل زخمی ہوگیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ مضروب کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے ، فیروز آباد کے علاقے سندھی مسلم سوسائٹی کے قریب فائرنگ سے 55 سالہ غلام شبیر زخمی ہوگیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں