حدیبیہ پیپر ملز کیس کے فیصلے پر اللہ کے حضورسربسجود ہوں شہبازشریف

میرے خلاف لگائے گئے تمام الزامات ایک بار پھر غلط ثابت ہوگئے، شہبازشریف


ویب ڈیسک December 15, 2017
آج کا دن میری سیاسی زندگی کا اہم ترین دن ہے، شہبازشریف : فوٹو : فائل

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عدالت عظمیٰ نے حدیبیہ پیپرملز کیس کا جو فیصلہ سنایا اس پر اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہوں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حدیبیہ کیس کے فیصلے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج کا دن میری سیاسی زندگی کا اہم ترین دن ہے آج میرے خلاف لگائے گئے تمام الزامات ایک بار پھر غلط ثابت ہوئے ہیں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ کے معززبینچ نے آج تاریخی فیصلہ دیا جس پر میں اللہ کے حضور سربسجود ہیں اور اس کے ساتھ عوام کی حمایت و اعتماد کا بھی شکرگزار ہوں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے حدیبیہ کیس کھولنے کی نیب اپیل مسترد کردی

واضح رہے کہ حدیبیہ پیپر ملز کیس میں شریف خاندان پر ایک ارب 20 کروڑ روپے کی کرپشن اور منی لانڈرنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ نواز شریف اور شہباز شریف پر الزام تھا کہ انہوں نے 1990ء کی دہائی میں اپنی 'حدیبیہ پیپر ملز' کے ذریعے 1.24 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی۔ مقدمے میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعترافی بیان دیا تھا جس میں انھوں نے کہا تھا کہ وہ شریف برادران کے لیے منی لانڈرنگ میں ملوث تھے۔

تاہم آج جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے حدیبیہ کیس کو دوبارہ کھولنے کے حوالے سے نیب اپیل کے قابل سماعت ہونے سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے نیب کی اپیل زائد المیعاد ہونے کی بنیاد پر خارج کردی۔ تینوں ججز نے نیب کی اپیل مسترد کرنے کا متفقہ فیصلہ دیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں