کراچی میں قتل و غارت متحدہ و جماعت اسلامی کے کارکنوں سمیت مزید8ہلاک

جماعت اسلامی کے کارکنوں پرحملہ،ایک ہلاک،2زخمی،لانڈھی میں متحدہ کاکارکن،صفورا گوٹھ میں چرواہافائرنگ کانشانہ بنا


Staff Reporter March 15, 2013
سچل اور ماڑی پور سے 2،ملیراورماڈل کالونی میں2بھائیوں اورانکے دوست کی لاشیں ملیں،فائرنگ کے دیگرواقعات میں بچے سمیت4زخمی فوٹو : فائل

کراچی میں قتل وغارت جمعرات کوبھی جاری رہی،فائرنگ اورپرتشددواقعات کے دوران متحدہ قومی موومنٹ اورجماعت اسلامی کے کارکنوں سمیت مزید8افرادہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ملیرسٹی کے علاقے عمار یاسرسوسائٹی پیرمحفوظ روڈمدرسہ عربیہ کے قریب سے2افرادکی لاشیں ملیں جن کی شناخت28سالہ عبداﷲ لاسی اوراس کے بھائی26 سالہ وحیدلاسی کے نام سے ہوئی،مقتولین کھوکھراپار کے رہائشی ہیں،انہیں سرپر2 ،دوگولیاں مارکرہلاک کیاگیا۔ماڈل کالونی کے علاقے ٹیلی فون ایکسچینج کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جس کی شناخت28 سالہ نذیرعرف بوبی کے نام سے کرلی گئی،مقتول سرجانی ٹاؤن نیو لیاری تیسر ٹاؤن کا رہائشی تھا، مقتول نذیر اور ہلاک ہونیوالے دونوں بھائی آپس میں بچپن کے دوست ہیں۔

چند سال قبل تک نذیربھی کھو کھرا پار اتفاق کالونی میں رہائش پزیر تھا،گزشتہ روز وہ اپنے پرانے محلے والوں سے ملنے آیا تھا کہ عبد اﷲ نے اسے کھانے کیلیے روک لیا تھاواقعے کے وقت لوڈ شیڈنگ کے باعث علاقے کی بجلی نہیں تھی کہ ایک سفید رنگ کی ہائی روف اور2موٹر سائیکلوں پر مسلح ملزمان آئے اوروہاں سے6 افراد کو اغوا کر کے لے گئے ، اغوا کیے جانے والوں میں سے3افراد کوملیر کالا بورڈ کے قریب ہائی روف سے اتار دیا گیا جبکہ3افراد کوملزمان اپنے ساتھ لے گئے تھے اورجمعرات کی صبح ملزمان نے دوبھائیوں کی لاشیں ملیرسٹی تھانے کی حدود اور ان کے دوست کی لاش ماڈل کالونی میں پھنک دی۔

سچل تھانے کی حدودسپر ہائی وے مدراس سوسائٹی بندوخان ریسٹورانٹ کے قریب بوری بندلاش ملی ،پولیس کے مطابق35سالہ شخص کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعدنامعلوم مقام پر لے جا کر تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلا کاٹ کرہلاک کیااورہاتھ پاؤں کی ہڈیاں توڑکرلاش بوری میں بند کرکے چلتی گاڑی سے پھینک کر فرارہوگئے۔صفورا گوٹھ میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے45سالہ محمدمرید چاغی ہلاک ہو گیا،مقتول غازی گوٹھ کا رہائشی اور چرواہاتھا۔سرجانی ٹاؤن سیکٹر7/Dمیں نامعلوم ملزمان کی اندھادھند فائرنگ سے30سالہ ندیم عرف سبزی والا، 32 سالہ اظہرعرف اجا اور اس کاکزن ریاض زخمی ہوگئے جنہیں عباسی شہیداسپتال پہنچایا گیاجہاں ندیم جاں بحق ہوگیاجبکہ اظہر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔



پولیس کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے جماعت اسلامی کے کارکن ہیں جبکہ وہ پاسبان کے لیے بھی کام کرتے ہیں،مقتول ندیم قتل اور بھتے کے متعدد مقدمات میں ملوث ہے جبکہ علاقے میں غیرقانونی زمینوں کی خرید و فروخت کا بھی کام کرتے ہیں، ہلاک و زخمی ہونے والے سرجانی ٹاؤؐن سیکٹر7/Dکے رہائشی ہیں واقعے کے بعدعلاقے میں کشیدگی پھیل گئی دکانیں اورکاروبار بندہوگیا۔لانڈھی کے علاقے بابرمارکیٹ ناگوری ملک شاپ کے قریب 38 سالہ ارشد کو موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا،فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا،مقتول متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 85 کا کارکن تھا جبکہ اس کی چند ماہ قبل شادی ہوئی تھی،مقتول ایدھی فاؤنڈیشن کا ملازم تھا۔واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی ۔

اورنگی ٹاؤن سیکٹر10 میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے 3 سالہ عذیفہ زخمی ہوگیا،پی آئی بی کالونی کے علاقے عیسیٰ نگری میں فائرنگ سے عامرزخمی ہوگیا۔فیروزآبادکے علاقے پی ای سی ایچ سوسائٹی بلاک2میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے35سالہ ریاض زخمی ہوگیا،کلاکوٹ کے علاقے لیاری میراناکہ پل کے نیچے جہان آبادمیں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے40سالہ شوکت زخمی ہوگیا۔ماڑی کے علاقے ٹرک اڈے کے قریب سے نامعلوم شخص کی لاش ملی جسے نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر سر اور سینے پر گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں