وزیراعظم کے دامادکے تقررکیخلاف درخواست پرفیصلہ محفوظ

شاہنوازمحمودکی بطورڈپٹی ایم ڈی پاک چائناانویسٹمنٹ تقرری چیلنج کی گئی تھی


Online March 15, 2013
اسلام آبادہائیکورٹ نے ڈی جی آئی ایس آئی،سیکریٹری دفاع کیخلاف درخواست نمٹادی فوٹو فائل

اسلام آبادہائیکورٹ نے وزیراعظم راجا پرویزاشرف کے عزیزکوپاک چائناانویسٹمنٹ کمپنی کا ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر مقرر کیے جانے کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

6مارچ کو ابتدائی سماعت پر فاضل عدالت نے وزارت خزانہ سمیت 3فریقوں سے جواب طلب کیاتھا۔ جمعرات کو سماعت کے موقع پر وزارت خزانہ کی طرف سے بیرسٹرعلی ظفر اور پاک چائناانویسٹمنٹ کمپنی کی جانب سے بیرسٹر مسرورشاہ پیش ہوئے۔ انھوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ نامزدگی اور تقرری میں بہت فرق ہے۔



نامزدگی کے لیے کسی کا انٹرویو کرنے یا اسے ہٹانے کے لیے نوٹس کی ضرورت نہیں ہوتی۔ شاہنوازمحمود کی نامزدگی کے لیے بھی یہی طریقہ اختیار کیاگیا۔ انھوں نے کہاکہ وزیراعظم کا داماد ہونا کوئی جرم نہیں۔ ججوں کے بچے بھی نوکریاں کرتے ہیں۔ درخواست گزار نے شاہنوازمحمود کی اہلیت کو چیلنج نہیں کیا، محض اس اعتراض کی کوئی قانونی حیثیت نہیں کہ شاہنواز وزیراعظم کا داماد ہے۔

فریقین کے وکلا نے فاضل عدالت سے مذکورہ درخواست خارج کرنے کی استدعا کی۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فاضل عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا۔ ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈائریکٹرجنرل آئی ایس آئی اورسیکریٹری دفاع سمیت دیگر فریقین کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست نمٹادی۔

آئی ایس آئی کے 4 کنٹریکٹ ملازمین نے عدالتی احکامات کے باوجود مستقل نہ کرنے پر اسلام آبادہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی تھی۔ جمعرات کوسماعت کے موقع پرڈپٹی اٹارنی جنرل طارق محمودجہانگیری اورآئی ایس آئی کے ڈائریکٹرلیگل نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی حکم پر عملدرآمد کردیا گیاہے لہٰذا یہ درخواست خارج کی جائے جس پرعدالت نے درخواست نمٹادی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں