ملک بھر میں شدید سردی کہیں یخ بستہ ہوائیں تو کہیں دھند کے ڈیرے

آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات

آئندہ 24 گھنٹے کے دوران قلات ڈویژن میں بارش کا امکان ہے فوٹو: فائل

رواں ہفتے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارشوں اور برفباری کے باعث ملک کے بیشتر حصے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس کی وجہ سے کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔ اس کے علاوہ آزاد کشمیر، خیبر پختونخوا اور شمال مغربی بلوچستان شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک میں سب سے زیادہ سردی کوئٹہ میں ریکارڈ کی گئی جہاں درجہ حرارت منفی 10 تک جا پہنچا۔ اس کے علاوہ قلات اور کالام میں درجہ حرارت منفی 08، مالم جبہ منفی 06، پارہ چنار اور گوپس منفی 05 جب کہ استور میں منفی 04 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


کوئٹہ میں شدید سردی کے بعد کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں بھی درجہ حرارت ایک مرتبہ پھر کئی ڈگری گر گیا ہے، شہر قائد میں کوئٹہ سے چلنے والی ہواؤں نے ڈیرے جما لیے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم قلات ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ بالائی وسطی پنجاب میں چند مقامات پر رات اور صبح جب کہ پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔
Load Next Story