چوہدری نثارنے نگران وزیراعظم کیلئے جسٹسرشاکراللہ جان کا نام واپس لے لیا

(ن) لیگ نگراں وزیراعظم کیلئے حکومتی ناموں میں سے صرف اسی پر متفق ہوگی جس پرتمام اپوزیشن جماعتیں متفق ہوں، چوہدری نثار


ویب ڈیسک March 15, 2013
(ن) لیگ نگراں وزیراعظم کیلئے حکومتی ناموں میں سے صرف اسی پر متفق ہوگی جس پرتمام اپوزیشن جماعتیں متفق ہوں، چوہدری نثار علی خان فوٹو: فائل

قائد حزب اختلاف چوہدری نثارعلی خان نے نگراں وزیراعظم کے 3 ناموں میں سے جسٹس(ر)شاکراللہ جان کا نام واپس لے لیا۔

اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے وزیراعظم ایک خط ذریعے آگاہ کردیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن)حکومت کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے عہدے کے لئے بھیجے گئے ناموں میں سے صرف اسی پر متفق ہوگی جس پرتمام اپوزیشن جماعتیں متفق ہوں۔

چوہدری نثارعلی خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بھیجے گئے ناموں میں سے ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ وزیرخزانہ رہ کر صرف 15دن قبل ہی اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوئے ہیں جب کہ جسٹس(ر)میر ہزار خان کھوسو بے نظیر بھٹو کے بہت قریب تھے اورڈاکٹرعشرت حسین نگراں وزیراعظم کے معیارپرپورا نہیں اترتے۔

دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے پارلیمانی لیڈرڈاکٹر فاروق ستار نے قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان کو ایک خط کے ذریعے نگراں وزیراعظم کے لئے ڈاکٹرعشرت حسین اور جسٹس(ر)ناصر اسلم زاہد کے نام تجویز کئے ہیں۔

واضح رہے کہ قائد حزب اختلاف چوہدری نثارعلی خان نےاپوزیشن کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے عہدے کے لئے وزیراعظم راجا پرویز اشرف کو ایک خط کے ذریعے 3 نام ارسال کئے تھے جس میں جسٹس(ر)ناصراسلم زاہد، جسٹس(ر)شاکراللہ جان اوررسول بخش پلیجو شامل تھے جب کہ وزیراعظم نے قائد حزب اختلاف کو بھی ایک خط لکھا تھا کہ جس میں حکومت کی جانب سے نگراں وزیراعظم کے لئے 3نام ارسال کئے تھے جن میں ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ، ڈاکٹرعشرت حسین، اورجسٹس(ر)ہزارخان کھوسو شامل تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں