انضمام کی مصروفیات اصل ذمہ داریوں کے آڑے آگئیں

چیف سلیکٹراورسینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرزشارجہ کے ٹی10ایونٹ میں مصروف


Sports Reporter/Abbas Raza December 17, 2017
دورئہ نیوزی لینڈکیلیے ٹیم کااعلان کھٹائی میں پڑگیا،فٹنس ٹیسٹ بھی نہ ہو سکے۔ فوٹو: فائل

انضمام الحق کی نجی لیگ میں مصروفیات اصل ذمہ داریوں کے آڑے آگئیں۔

چیمپئنز ٹرافی کی فتح کے بعد پاکستانی ٹیم نے سری لنکا سے ون ڈے سیریز میں بھی 5-0سے کلین سوئپ مکمل کرلیا، تینوں ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھی گرین شرٹس سرخرو ہوئے جب کہ اگلا امتحان خاصا سخت ہے، سال کے آغاز میں ہی پاکستان ٹیم کو نیوزی لینڈ کی مشکل کنڈیشنز میں 5ون ڈے اور 3ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں، اس دورے کیلیے الگ طرح کی تیاریاں بھی درکارہیں لیکن ابھی تک اسکواڈز کا اعلان نہیں کیا جا سکا۔

دوسری جانب ماضی میں لیگز کی مخالفت کرنے والے انضمام الحق نے چیف سلیکٹر کا چارج سنبھالا تو دعویٰ کیا تھا کہ غیرملکی فرنچائز ٹورنامنٹس نہیں بلکہ اپنی ڈومیسٹک کرکٹ کی بنیاد پر قومی ٹیموں کیلیے کھلاڑیوں کا انتخاب کرینگے، اس کے بعد ان کی خود ٹی ٹوئنٹی لیگز میں دلچسپیاں پیدا ہوئیں جو بڑھتے بڑھتے ٹی 10تک پہنچ گئیں۔

سابق کپتان کا نام شارجہ میں ہونے والے اس ایونٹ کی ایک ٹیم کے مالکان میں درج تھا تاہم میڈیا کی نشاندہی پر پی سی بی نے تحفظات کا اظہار کیا تو بطور مینٹور وابستگی ظاہر کردی اور یواے ای جا پہنچے، اب صورتحال یہ ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کی اکثریت شارجہ میں غیروں کی ٹی 10لیگ کھیل رہی ہے اور چیف سلیکٹر ان کی کارکردگی کا جائزہ بھی وہیں لے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان ٹیم کو قبل ازوقت نیوزی لینڈ بھیج کر کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا،اس وقت رخصت پر موجود غیر ملکی کوچنگ اسٹاف بھی براہ راست اسکواڈ کو جوائن کرے گا،ٹی 10لیگ کے بعد ممکنہ کرکٹرز کے فٹنس ٹیسٹ لیے جانے ہیں، مگر نجی لیگ میں مصروفیات کی وجہ سے معاملات تعطل کا شکار ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں