باسط علی پی سی بی حکام کے دل سے اُتر گئے

انڈر19ورلڈکپ میں ٹیم کے ہمراہ نیوزی لینڈ بھیجنے کی درخواست مسترد۔

چیئرمین کے مشیرمقررہونے والے شکیل شیخ بھی ’’گڈبکس‘‘میں شامل نہیں رہے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

GHALLANAI:

ایک زمانے میں خاصے قریب سمجھے جانے والے باسط علی پی سی بی اعلیٰ حکام کے دل سے اُتر گئے۔


سابق ٹیسٹ بیٹسمین باسط علی کا شمار بورڈ حکام کی قریبی شخصیات میں ہوتا تھا، کئی معاملات پر وہ خاصے بے باک انداز سے اظہار رائے کر دیتے تھے، اسی وجہ سے تمام ترمخالفت کے باوجود اہم ذمہ داریاں پاتے رہے، بطور چیئرمین گذشتہ اننگز اور ایگزیکٹیو کمیٹی چیف کی حیثیت سے نجم سیٹھی نے بھی انھیں خوب سپورٹ کیا، مگر اب معاملات پہلے جیسے نہیں رہے۔


ذرائع نے بتایا کہ سابق ٹیسٹ بیٹسمین کو زیادہ لفٹ نہیں کرائی جا رہی تاہم جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ نے حال ہی میں درخواست کی کہ انڈر 19 ورلڈکپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلیے انھیں بھی نیوزی لینڈ بھیجا جائے مگر اسے مسترد کر دیا گیا، اس کا جواز فضول اخراجات سے بچنا بتایا گیا جب کہ باسط اس پر خاصے ناخوش ہیں۔

یاد رہے کہ میگا ایونٹ کا انعقاد13جنوری سے3 فروری تک ہوگا۔ دوسری جانب مشیر مقرر ہونے والے شکیل شیخ بھی ''گڈبکس'' میں شامل نہیں رہے، چیئرمین کیخلاف میڈیا کے ایک حصے میں شروع ہونے والی مہم کا ذمہ دار انہی کو سمجھا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ تاثرغلط بھی نہیں ہے، شکیل شیخ ماضی میں کئی کمیٹیز میں شامل رہے مگر اب ان کا بورڈ میں پہلے جیسا اثرورسوخ نہیں رہا، حالیہ میڈیا تنازع سے معاملات مزید خراب ہو گئے ہیں۔
Load Next Story