نیب نے چوہدری برادران سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں

نیب کی چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہی کو انتخابی رقم کے ذرائع و وسائل سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت


ویب ڈیسک December 17, 2017
نیب کی چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز کو انتخابی رقم کے ذرائع سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ (ق) کے چوہدری برادران سے انتخابی اخراجات کی تفصیلات مانگ لیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نیب کی جانب سے سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین اور سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویز الہی کے مبینہ غیر قانونی اثاثوں کی تحقیقات جاری ہیں۔ نیب نے چوہدری برادران سے الیکشن مہم میں ہونے والے اخراجات کا بھی ریکارڈ طلب کرتے ہوئے کہا کہ اب تک جتنے الیکشنز میں حصہ لیا ان کی انتخابی مہم پر خرچ کردہ رقم کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : نیب کی چوہدری برادران سے ایک گھنٹے تک تفتیش

نیب نے چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہی کو انتخابی رقم کے ذرائع و وسائل سے بھی آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب لاہور نے الیکشن کمیشن سے بھی چوہدری برادران کے انتخابی اخراجات کی تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن سے یہ تفصیلات دو ہفتے میں فراہم کرنے کا کہا جائے گا۔

نیب ذرائع کے مطابق چوہدری برادران اور الیکشن کمیشن کی جانب سے موصول تفصیلات کا آزاد ذرائع سے موازنہ کیا جائے گا، ملزمان کی جانب سے غلط جواب جمع کرانے پر انہیں پانچ برس تک سزا بھی ہو سکتی ہے۔

واضح رہے کہ نیب آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں چوہدری برادران کے خلاف 2 ارب 42 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثوں کی چھان بین کر رہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں