یو اے ای میں ’ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ پاکستان ایکسپو‘ منعقد

بین الاقوامی ریئلٹرز،انویسٹرزکی بڑی تعداد میں شرکت،تعمیری منصوبوں میں گہری دلچسپی


Business Reporter December 18, 2017
آئندہ برس ریئل اسٹیٹ اینڈ انویسٹمنٹ ایکسپو کا انعقاد برونائی، برطانیہ اور امریکا میں بھی کیا جائے گا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

جنوبی ایشیا و مشرق وسطیٰ کی کلیدی تجارتی نمائش ''ریئل اسٹیٹ اینڈ انویسٹمنٹ پاکستان ایکسپو (رائپ) برائے 2017'' کا انعقاد حال ہی میں شارجہ، متحدہ عرب امارات میں ہوا جس میں پاکستان میںریئل اسٹیٹ سے منسلک کمپنیوں، تعمیراتی اداروں، رہائشی و تجارتی املاک کی خریدو فروخت سے متعلق ملکی و غیر ملکی اداروں سمیت بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی ایک بڑے تعداد نے شرکت کی اور ملک میں جاری تعمیری منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔

متحدہ عرب امارات میں واقع نامور تجارتی و کاروباری مرکز شارجہ ایکسپو سینٹر میں منعقد ہونے والی 2 روزہ بین الاقوامی نمائش میں پاکستان کی ریئل اسٹیٹ کمپنیوں اور تعمیراتی اداروں نے خصوصی اسٹالز و نمائشی ماڈلز کی بدولت اپنے پروجیکٹس کو نمائش میں پیش کیا اور مشرقِ وسطٰی وخلیجی ریاستوں سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کاروں و عالمی تجارتی اداروں کو پاکستان جیسی ابھرتی ہوئی معیشت میں پنہاں سرمایہ کاری کے مواقع سے روشناس کرایا۔

آئندہ برس ریئل اسٹیٹ اینڈ انویسٹمنٹ ایکسپو کا انعقاد برونائی، برطانیہ اور امریکا میں بھی کیا جائے گا۔ اس موقع پر اپنے تاثرات میں پاکستان ایکسپو (رائپ) کے چیف کوآرڈینیٹر و روحِ رواں عدنان اقبال نے کہا کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے ایک ترجیحی خطے کی حیثیت اختیار کرچکا ہے اور برونائی دارالسلام سمیت آسیان وخلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والے سرمایہ کاروں کی ایک بڑی تعداد پاکستان کے ابھرتے ہوئے ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں طویل المدتی کثیر سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے۔

شارجہ جسے عرفِ عام میں ''دوسرا پاکستان'' بھی کہاجاتا ہے میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد قیام پذیر ہے۔ ایک اندازے کے مطابق 14لاکھ پاکستانی شارجہ میں مختلف کاروباری و تجارتی اغراض اور روزگار سے وابستہ ہیں اور اپنے ملک پاکستان کی ابھرتی ہوئی ریئل اسٹیٹ انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔ حالیہ نمائش کے کامیاب انعقاد میں پاکستان بزنس کونسل دبئی کے صدر احمد شیخانی، ابوظہبی میں پاکستانی سفارت خانے میں مقرر کمرشل اتاشی کامران خان اور ''سوچو پاکستان'' کے رہنما عرفان افسر اعوان نے اہم کردار ادا کیا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں