فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے لیے روس اور برطانیہ کی پولیس میں تعاون

دونوں ممالک شرپسند شائقین فٹبال کو قابو رکھنے میں ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔

ہم مختلف انداز اور فلسفے سے اپنا کام انجام دے رہے ہیں، پولیس آفیشل۔ فوٹو: فائل

فٹبال ورلڈ کپ 2018 میں مسائل سے بچنے کیلیے روسی پولیس برطانیہ کے تجربے سے استفادہ کرے گی۔

گذشتہ دنوں مانچسٹر میں منعقدہ یورپیئن فٹبال لیگ میچ کے موقع پر روسی سیکیورٹی آفیشلز نے سی سی ٹی وی کیمرون سے شائقین کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے اور انھیں کنٹرول کرنے کی تیکنیک جاننے کیلیے مانچسٹرسٹی پولیس کے کنٹرول روم کو جوائن کیا تھا۔

واضح رہے کہ 6 دسمبر کو مانچسٹر یونائیٹڈ نے چیمپئنز لیگ میچ میں سی ایس کے اے ماسکو کلب کی میزبانی کی تھی ، اس مقابلے کو دیکھنے کیلیے 75 ہزار شائقین نے اسٹیڈیم کا رخ کیا تھا۔

انگلش پولیس حکام نے روسی سیکیورٹی آفیشلز کو میچ ختم ہونے کے بعد شائقین کو آرام سے منشتر کرنے کی بابت کئی مفید ٹپس دیں، جس میں شائقین کو پارکنگ ایریا میں جمع کرنے کے بعد 60 افراد کو ایک کانوائے کی صورت میں مقامی ٹرین اسٹیشن تک پہنچایاگیا تھا، اس حکمت عملی سے کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا تھا،اس مقابلے کو دیکھنے کیلیے 1270 روسی شائقین بھی برطانیہ پہنچے تھے، تاہم اس موقع پر ہی روسی سیکیورٹی آفیشلز نے مانچسٹر پولیس ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کیا تھا، روس اس تجربے کو آئندہ برس اپنے گراؤنڈز پر شیڈول فیفا ورلڈ کپ میں استعمال کرسکتا ہے۔


یورو فٹبال چیمپئن شپ 2016 کے دوران فرانس میں انگلش اور روسی شائقین میں مارسیلی میں گروپ میچ سے قبل ہونے والی ہنگامہ آرائی عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز بنی تھی تاہم دونوں ممالک کے سیکیورٹی حکام باہمی تعاون سے استفادہ کرتے ہوئے فٹبال میں غنڈہ گرد عناصر کی سرکوبی کرنے کیلیے پرعزم ہیں، سیاسی محاذ پر اگرچہ دونوں ممالک میں تناؤ ہے لیکن فٹبال کی حد تک یہ دونوں ایک دوسرے سے تعاون کررہے ہیں۔

اس حوالے سے مانچسٹر میں تعینات اسسٹنٹ چیف کانسٹیبل مارک روبرٹس نے میڈیا کو بتایا کہ یہ ایک موقع ہے جس سے ہم اپنے تعلقات کو بھی بہتر بناسکتے ہیں، ہم نے انھیں بتایا ہے کہ انگلینڈ کس طرح فٹبال شائقین کی میزبانی کرتا ہے اور ہماری پولیس اس سلسلے میں کس انداز سے کام کرتی ہے، اس میں انٹیلی جنس، گشت، سی سی ٹی وی کیمرے اور قوانین حکام کیلیے مددگار ہوتے ہیں، جس میں وہ مسائل پید اکرنے والے شائقین کے سفر پر بھی پابندیاں عائد کردیتے ہیں۔

ایک اور پولیس آفیشل نے بتایا کہ ہم مختلف انداز اور فلسفے سے اپنا کام انجام دے رہے ہیں، اس سے قبل انگلش پولیس حکام نے بھی رواں برس ماسکو کا دورہ کیا تھا، جہاں پر انگلش ٹیم آف فیلڈ پر کوئی بدمزہ واقعہ ہوئے بغیر اپنے میچز کھیلے تھے۔

 
Load Next Story