سابق ایتھلیٹس کے لیے مالی معاونت کی منظوری

اسٹار پلیئرز کیلیے مزید 10کروڑ روپے کے فنڈز کیلیے سمری بھجوانے کا فیصلہ۔


Sports Reporter December 19, 2017
اسٹار پلیئرز کیلیے مزید 10کروڑ روپے کے فنڈز کیلیے سمری بھجوانے کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

SUKKUR: وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت پاکستان اسپورٹس فاؤنڈیشن ریلیف فنڈز کے اجلاس میں 71 سابق قومی ایتھلیٹس کی مالی معاونت کی منظوری دیدی گئی جب کہ اضافی فنڈز کے حصول کیلیے حکومت کو 10کروڑ روپے کے فنڈز کیلیے سمری بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔

گزشتہ روز پاکستان اسپورٹس بورڈ میں پاکستان اسپورٹس فاؤنڈیشن ریلیف فنڈز کا اجلاس وفاقی وزیر ریاض حسین پیر زادہ کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وفاقی سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ امجد خان، پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سابق قومی ایتھلیٹس کی مالی معاونت کیلیے59 پرانے اور 12نئے کیسز کا مرحلہ وار جائزہ لینے کے بعد تمام کیسز کی باضابطہ منظوری دی گئی اور قومی ایتھلیٹس کی مالی معاونت کیلیے کم سے کم 50 سال کی عمر مقرر کرنے کی حد کی بھی منظوری دی گئی جبکہ سابق ایتھلیٹس کی مالی معاونت کیلیے موجودہ فنڈز کو ناکافی قرار دیتے ہوئے اضافی فنڈز کے حصول کیلیے حکومت کو 10کروڑ روپے کے فنڈز کیلئے سمری بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریاض حسین پیر زادہ کا کہنا تھا کہ پرانے کھلاڑیوں نے دنیا میں ملک کا نام روشن کیا، پاکستان اسپورٹس بورڈ پرانے ایتھلیٹس کی مالی معاونت کیلیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق ایتھلیٹس کی مالی معاونت کیلیے مختص فنڈز کم ہیں اور فنڈز بڑھانے کیلیے حکومت سے بات کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں