نڈال نے ادھوری فٹنس کے حامل فیڈرر کو قابو کرلیا

آذرنیکا اور اسٹوسر انجریز کے سبب دستبردار، کیرولین ووزینسکی اورکیربر بغیر کھیلے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔


Sports Desk/AFP March 16, 2013
انڈین ویلز ماسٹرز ٹینس: کوارٹر فائنل میں رافیل نڈال کے خلاف راجر فیڈرر کا ریٹرن شاٹ۔ فوٹو: اے ایف پی

انڈین ویلز ٹینس کے کوارٹر فائنل میں رافیل نڈال نے ادھوری فٹنس کے حامل راجرفیڈرر کو6-4 اور6-2 سے قابو کر لیا۔

اسپینش اسٹار کا بحالی فٹنس کے بعد انٹرنیشنل مقابلوں میں واپسی پرفیڈرر سے یہ پہلا مقابلہ تھا، جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ جنوبی افریقی حریف کیون اینڈرسن کو6-4،6-4 سے ٹھکانے لگاکر سیمی فائنل میں پہنچ گئے، ویمنزسنگلز میں دفاعی چیمپئن وکٹوریا آذرنیکا اور سمانتھا اسٹوسر کی انجریز کے سبب دستبرداری سے کیرولین ووزینسکی اور اینجلیک کیربر کو بغیر کھیلے فائنل فور کا ٹکٹ مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق انڈین ویلز ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلزکوارٹر فائنلز میں فیڈرر کو شکست ہوگئی، رافیل نڈال نے جیت کی بدولت سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی، فاتح پلیئرنے دوسرے سیٹ میں تین مرتبہ حریف کی سروس بریک کی،17 مرتبہ کے گرینڈ سلم فاتح فیڈرر روایتی حریف کیخلاف کسی بھی موقع پر خاص مزاحمت نہیں کرپائے،جس کی وجہ ان کی حالیہ کمر کی انجری ہے، نڈال نے آغاز سے ہی فیڈرر پر دبائو بنائے رکھا، ساتواں گیم جیت کر انھوں نے اسکور4-3 کیا جس کے بعد سروس کے ذریعے چوتھا سیٹ پوائنٹ لے کر کامیابی پائی، دوسرے سیٹ میں نڈال نے اپنے فورہینڈ اسٹروکس کو عمدگی سے استعمال کرتے ہوئے ایک مرحلے پر3-0 کی سبقت لی۔

8

دو مرتبہ انھوں نے فیڈرر کی سروس بھی بریک کی تھی، چوتھے گیم میں سوئس اسٹارکی بے تحاشا غلطیوں نے نڈال کو حاوی ہونے کا موقع فراہم کردیا، دونوں پلیئرز کے درمیان ایک گھنٹے24 منٹ تک مقابلہ جاری رہا، میچ کے بعد نڈال نے کہاکہ میرے لیے گھٹنے کی انجری کے7 ماہ بعد کھیل میں واپسی پر یہ کامیابی بہت اہم ہے، ماضی میں دنیائے ٹینس کے نمبرون پلیئر رہنے والے نڈال اب تک11 گرینڈ سلم ٹرافیز اپنے شوکیس کی زینت بنا چکے ہیں،فروری میں اپنی واپسی کے بعد سے نڈال اب تک لاطینی امریکا میں کھیلے گئے تین ایونٹس میں دو ٹائٹلز جیتنے میں کامیاب رہے جبکہ ایک کے فائنل میں انھیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

ہارڈ کورٹ پر اپنی فٹنس چیک کرنے کا یہ پہلا موقع بنا،فیڈرر کیخلاف موجودہ فتح سے نڈال نے سوئس حریف کیخلاف باہمی مقابلوں کے ریکارڈ کو 19-10 سے مزید بہتر بنالیا، انھوں نے مزید کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ فیڈرر میرے خلاف کوارٹر فائنل میں سوفیصد فٹ تھے، وہ اپنا اصل کھیل نہیں پیش کر سکے، ممکن ہے انھیںکمر میں کچھ تکلیف لاحق ہو،وہ مجھے بہت زیادہ پُرسکون دکھائی نہیں دے رہے تھے، دوسری جانب فیڈرر نے تسلیم کیاکہ کمرمیں کچھ مسائل تھے، واضح رہے کہ ایونٹ کے دیگر کئی میچز میں فیڈررکو طبی امداد لینے کی ضرورت پیش آئی تھی، وہ اب آنے والے کئی ہفتوں تک ایکشن میں نظرنہیں آئیں گے، فیڈرر پہلے ہی آئندہ ہفتے شروع ہونے والے میامی ماسٹرز میں شرکت سے دستبرداری کا اعلان کرچکے ہیں۔

ان کا منصوبہ مئی میں شیڈول میڈرڈ ماسٹرز میں حصہ لینے کا ہے، نڈال سیمی فائنل میں چھٹے سیڈ ٹوماس بریڈیچ کا سامنا کریں گے، جنھوں نے کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقی حریف کیون اینڈرسن کو 6-4،6-4 سے ہرایا۔ویمنز سنگلز میں دفاعی چیمپئن وکٹوریا آذرنیکا اور سمانتھا اسٹوسر کو انجریز نے کوارٹر فائنل میں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا، اسٹوسر کیخلاف اینجلیک کیربر جبکہ آذرنیکا کے مقابل کیرولین ووزینسکی کو واک اوور مل گیااور وہ بغیرکھیلے سیمی فائنلز میں پہنچ گئیں۔بیلاروس کی دفاعی چیمپئن آذرنیکا کو دائیں پائوں اور ٹخنے میں تکلیف نے کورٹ میں اترنے سے باز رکھا جبکہ اسٹوسر دائیں پنڈلی کی انجری کے سبب نہیں کھیل سکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں