سندھ انتظامی اور پولیس افسران کے بڑے پیمانے پرتبادلے وتقرریاں

نویدکامران بلوچ پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ اورسہیل راجپوت سیکریٹری خزانہ مقرر


Staff Reporter March 16, 2013
نویدکامران بلوچ پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ اورسہیل راجپوت سیکریٹری خزانہ مقرر فوٹو: فائل

سندھ حکومت نے انتظامی اور پولیس افسران کی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑکردی ہے ۔

سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری اور سیکریٹری محکمہ خزانہ سمیت کئی سیکریٹریز کو تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ کراچی،حیدرآباد ، لاڑکانہ اور سکھر رینج کے پولیس سربراہان سمیت پولیس میں بھی بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کردی گئیں۔ جمعے کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشنز کے مطابق تقرری کے منتظرافسرملک اسرار حسین کو چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم تعینات کیا گیا ہے جہاں سے عبدالسبحان میمن کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری (سروسز) ایس اینڈ جی اے ڈی نصیر جمالی کو مختاراحمد سومرو کی جگہ سیکریٹری محکمہ محنت کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔ مختاراحمد سومرو کی خدمات وفاقی حکومت نے حاصل کرلی ہیں۔

سیکریٹری صحت ڈاکٹر سریش کمارکا تبادلہ کرکے انھیںسروسز جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ گورنر سندھ کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹرنوشاد شیخ کوسیکریٹری صحت کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔ تقرری کے منتظرافسر محسن ایس حقانی کو رضوان احمد کی جگہ سیکریٹری محکمہ محنت اور کامرس مقرر کیا گیا ہے جبکہ رضوان احمد کی خدمات وفاقی حکومت نے حاصل کرلی ہیں۔ سیکریٹری محکمہ خزانہ نویدکامران بلوچ کا تبادلہ کرکے انھیں صدیق میمن کی جگہ وزیراعلیٰ سندھ کا پرنسپل سیکریٹری مقررکیاگیا ہے جبکہ صدیق میمن کا تبادلہ کرکے انھیں سیکریٹری محکمہ کھیل تعینات کیا گیا ہے۔ تقرری کے منتظرافسر شعیب میرمیمن کو سید ممتازعلی شاہ کی جگہ سیکریٹری (جنرل ایڈمنسٹریشن) ایس اینڈ جی اے ڈی مقررکیا گیا ہے جبکہ سید ممتاز علی شاہ کی خدمات وفاقی حکومت نے حاصل کرلی ہیں۔



تقرری کے منتظرافسر محمد حسین سید کو سیکریٹری محکمہ بین الصوبائی رابطہ مقررکیا گیا ہے۔ سیکریٹری محکمہ بحالیات غلام مصطفیٰ پھل کو سیکریٹری محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کا اضافی چارج سونپاگیاہے۔ اسپیشل سیکریٹری محکمہ خزانہ لیفٹننٹ (ر) اعجاز احمد خان کا تبادلہ کرکے انھیں سیکریٹری محکمہ کول اینڈ انرجی ڈیولپمنٹ مقررکیاگیا ہے۔ ممبر پراونشل الیکشن کمیشن امداد میمن کا تبادلہ کرکے انھیں اسپیشل سیکریٹری محکمہ خزانہ مقررکیاگیاہے۔ ڈائریکٹرجنرل صوبائی محتسب سیکریٹریٹ پرویزاحمد جونیجو کاتبادلہ کرکے انھیں سیکریٹری محکمہ کچی آبادی مقررکیا گیا ہے۔ سیکریٹری محکمہ توانائی سہیل راجپوت کا تبادلہ کرکے انھیں سیکریٹری محکمہ خزانہ مقررکیاگیا ہے۔

تقرری کے منتظرافسرآفتاب احمد کھتری کو سیکریٹری محکمہ اقلیتی امور تعینات کیاگیا ہے جبکہ سیکریٹری محکمہ اوقاف ، زکواۃ ، عشر و مذہبی امور سید عابد علی شاہ کا تبادلہ کرکے انھیں ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور تقرریوں کے احکامات کے مطابق غلام شبیرشیخ کو اے آئی جی کراچی رینج کی حیثیت سے اقبال محمود کی جگہ کراچی پولیس کا سربراہ مقرر کیا گیا ہے ۔ غلام شبیر شیخ کے پاس آئی جی سندھ کا اضافی چارج بھی ہے۔

اس سے قبل وہ اے آئی جی کرائم انوسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ سی آئی ڈی سندھ کراچی کے عہدے پر تعینات تھے۔ اقبال محمود کو غلام شبیر شیخ کی جگہ اے آئی جی سی آئی ڈی سندھ کراچی مقررکیاگیاہے۔ تقرری کے منتظر پولیس افسر سائیں رکھیو میرانی کو عبدالخالق شیخ کی جگہ ڈی آئی جی لاڑکانہ مقررکیا گیا ہے ۔ وہاں سے عبدالخالق شیخ کا تبادلہ کرکے انھیں ظفرعباس بخاری کی جگہ ڈی آئی جی ٹریفک کراچی مقرر کیا گیا ہے ۔ ظفرعباس بخاری کا تبادلہ کرکے انھیں جاوید اختر اوڈھو کی جگہ ڈی آئی جی ویسٹ زون کراچی مقرر کیا گیا ہے ۔ جاوید اختر اوڈھو کا تبادلہ کرکے انہیں امیر احمد شیخ کی جگہ ڈی آئی جی سکھر رینج مقررکیا گیا ہے ۔

امیر احمد شیخ کا تبادلہ کرکے انھیں عمران یعقوب منہاس کی جگہ ڈی آئی جی (ایڈمن) سی پی او کراچی مقرر کیا گیا ہے ۔ عمران یعقوب منہاس کا تبادلہ کرکے انھیں کیپٹن (ر) طاہرنوید کی جگہ ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرزکراچی مقررکیا گیا ہے جبکہ کیپٹن (ر) طاہرنوید کا تبادلہ کرکے انھیں ڈی آئی جی ایسٹ زون کراچی مقررکیاگیا ہے۔ ڈی آئی جی ریپڈ ریسپانس فورس(آر ایس ایس) سندھ محمد اکرم بروکاکا تبادلہ کرکے انھیں ثنا اللہ عباسی کی جگہ ڈی آئی جی حیدرآباد رینج مقررکیا گیا ہے جبکہ وہاں سے ثنا اللہ عباسی کا تبادلہ کرکے انھیں محمد اکرم بروکا کی جگہ ڈی آئی جی (آر ایس ایس) سندھ مقررکیاگیاہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔